لکھنؤ:24 دسمبر(یواین آئی)وزیر اعظم نریندر مودی کے بدھ کو ریاستی راجدھانی لکھنؤ کے دورے کے پیش نظر راجدھانی میں سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔اسپیشل پروٹیکشن گروپ نے لوک بھون کی سیکورٹی کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔
بدھ کو ریاستی راجدھانی میں اپنے دورے کے دوران نریندرمودی سابق وزیر اعظم آنجہانی اٹل بہاری واجپئی کی 95 ویں یوم پیدائش کے موقع پر لوک بھون میں ان کی مورتی کی نقاب کشائی کریں گے۔اس دوران وہ 25 منٹ کی تقریر بھی کریں گے۔
ریاستی راجدھانی میں اپنے دو گھنٹے کے دورے کے دوران مسٹر مودی لوک بھون میں منعقد واحد پروگرام میں شرکت کریں گے۔لوک بھون میں وہ پہلے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی 25 فٹ اونچی مورتی کی نقابی کشائی کریں گے اور اس کے بعد اٹل بہاری واجپئی کے نام سے میڈیکل یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
افسران کے مطابق مسٹر مودی بدھ کو لکھنؤ ائیر پورٹ پر 1430 بجے پہنچیں گے ۔پھر یہاں سے وہ لا مارٹینئر کالج پہنچیں گے۔ وہ لوک بھون دوپہر تین بجے پہنچیں گے اور وہاں 90 منٹ تک ٹھہرنے کے بعد وہ لکھنؤ سے شام تقریبا 5 بجے روانہ ہوجائیں گے۔اس موقع پر ریاست کی گورنر آنندی بین پٹیل، وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور دیگر وزراء اور سینئر افسران موجود رہیں گے۔
وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے لکھنؤ میں انٹر نیٹ خدمات کو چند گھنٹے بحال کرنے کے بعد دوبارہ معطل کردیا ہے اور کل شام تک معطل رہنے کے آثار ہیں۔وہیں لوک بھون کے اندر اور آس پاس بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکار کو تعینات کیا گیا ہے۔