لکھنو : لکھنو یونیورسٹی نے منگل کو ویلنٹائن ڈے سے پہلے طلبہ کو ایک فرمان جاری کیا ہے ۔ پروفیسر ونود کمار سنگھ کی طرف سے جاری فرمان میں کہا گیا ہے کہ کیمپس میں کوئی بھی طالب علم ویلنٹائن ڈے ہیںمنائے ۔
ہدایت دی گئی ہے کہ اگر کوئی بھی ایسا کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف یونیورسٹی سخت کارروائی کرے گی ۔ وہیں مہا شیو راتری کے دن یونیورسٹی میں چھٹی رہے گی۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے اس حکم پر طلبہ نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے اور اس کو چھوٹی سوچ کی مثال قرار دیا ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے 14 فروری کو گھومنے والے طلبہ و طالبات پر پابندی عائد کردی ہے ۔ کیمپس میں نوٹس چسپاں کرکے انتظامیہ نے وارننگ جاری کی ہے۔ وارننگ میں لکھا ہے کہ وہ ویلنٹائن ڈے والے دن یونیورسٹی کیمپس میں گھومتے پائے گئے تو ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
نوٹس میں لکھا ہے کہ 14 فروری کو یونیورسٹی پوری طرح سے بند رہے گی ۔ نہ تو اس دن کوئی اضافی کلاسیز ہوں گی اور نہ ہی مقابلہ جاتی امتحانات ہوں گے ۔ کیمپس میں اس دن کسی بھی قسم کے کلچرل پروگرام کے انعقاد کو بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے، اس لئے طلبہ و طالبات کو سخت ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ یونیورسٹی قطعی نہ آئیں۔
پروفیسر ونود سنگھ نے یونیورسٹی میں پڑھنے والے طلبہ و طالبات کے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو یونیورسٹی نہ بھیجیں ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی ہدایت پر عمل آوری نہیں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کیمپس میں ٹیچروں اور یونیورسٹی ملازمین کی نظر رہے گی ۔