مدھیہ پردیش کے کھرگون ضلع میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ مہیشور تحصیل کے جام گھاٹ کے پاس کل شام تقریباً 7 بجے مزدوروں سے بھری ایک پک اَپ گاڑی اُلٹ گئی۔ اس حادثے میں 27 افراد زخمی ہو گئے۔ غنیمت رہی کہ گاڑی الٹنے کے بعد ریلنگ سے ٹکرا کر رک گئی نہیں تو بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا خطرہ تھا۔
واقعہ کے سلسلے میں ایس پی دھرم راج مینا نے بتایا کہ پک اَپ گاڑی مزدوروں کو لے کر جا رہی تھی۔ جائے وقوع پر ہی وہ گشت کر رہے تھے۔ گاڑی کے بریک فیل ہونے کی وجہ سے ڈرائیور نے گاڑی کو کھائی کی طرف موڑنے کے بجائے ریلنگ سے ٹکرا دیا جس سے گاڑی اُلٹ گئی لیکن اگر گاڑی کھائی کی طرف الٹ جاتی تو ایک خوفناک واقعہ پیش آ سکتا تھا۔
دھرم راج مینا نے بتایا کہ موقع پر جلد پہنچنے کے لیے ایمبولینس کو فون کیا گیا اور 6 ایمبولینس گاڑی موقع پر پہنچ گئی۔ وہیں ایس پی نے بھی اپنی گاڑی میں دو خواتین کو، جو کافی زخمی تھیں، ان کو علاج کے لیے اسپتال پہنچایا۔ سبھی زخمیوں کو منڈلیشور صحت مرکز بھیجا گیا۔
گاڑی میں کُل 40 مزدور سوارتھے جس میں دو درجن زخمی ہو گئے۔ مزدور بھودری اور رام گڑھ کے باشندے بتائے جاتے ہیں۔ اس حادثے میں پولیس اور مقامی انتظامیہ کی مستعدی سے بڑا حادثہ ہونے سے ٹل گیا۔ ساتھ ہی ڈرائیور نے بھی ہوشیاری سے کام لیا نہیں تو ایک سنگین حادثہ پیش آ سکتا تھا۔
ادھر گُنا کے کینٹ تھانہ علاقے میں بدھ کی شام اناج سے بھرے ٹرک نے نائب تحصیل دار کی گاڑی کو ٹکر مار دی۔ اس کے ساتھ ہی ٹرک نائب تحصیل دار کی گاڑی پر پلٹ گیا۔ اس سے گاڑی میں سوار نائب تحصیل دار، ریونیو انسپکٹر اور پٹواری زخمی ہوگئے۔ نائب تحصیل دار کو آئی سی یو میں داخل کرایا گیا ہے۔