بھوپال، یکم فروری (یواین آئی) مدھیہ پردیش کے وزیراعلی کملناتھ نے آج یہاں وندے ماترم قومی گیت کے نئی شکل میں شروع ہونے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جس جماعت نے آزادی کی تحریک میں حصہ نہیں لیا، وہ ہمیں حب الوطنی کا درس دینے چلے ہیں۔
مسٹر کملناتھ نے یہاں میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ حب الوطنی ہماری رگ رگ میں ہے۔ اس کے لئے ہمیں کسی کے سرٹی فکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ بی جے پی، جس کے ایک بھی رکن نے آزادی کی تحریک میں شرکت نہیں کی، وہ ہمیں حب الوطنی کا سبق پڑھانا چاہتی ہے۔
مسٹر کملناتھ نے کہا کہ ہم نے وندے ماترم قومی گیت کو ایک نئی شکل میں شروع کیا ہے۔ جب ہم نے وندے ماترم کو ایک نئی شکل میں پیش کرنے کی بات کی تھی تب بی جے پی انہیں حب الوطنی کا سبق پڑھا رہی تھی۔
اس سے پہلے قومی گیت وندے ماترم آج یہاں نئی شکل میں شروع ہوا۔ سیکڑوں عام لوگ، سرکاری حکام اور ملازم یہاں پولیس بینڈ کی دھن پر ’ شوریہ اسمارک‘ سے جلوس کی شکل میں ریاستی وزارت تک پہنچے۔ یہاں پر پولیس بینڈ کی دھن پر قومی گیت اور قومی ترانہ گایا گیا۔
اس درمیان ریاستی کانگریس کے میڈیا کوآرڈی نیٹر نریندر سنگھ سلوجا نے ایک بیان میں کہا کہ آج سے وندے ماترم کے نئی شکل میں گائے جانے کے دوران بی جے پی کا ایک بھی شخص نظر نہیں آیا۔ یہ شرمناک ہے دراصل سابقہ بی جے پی حکومت کے دور اقتدار میں وندے ماترم ایک مقررہ وقفہ کے بعد ریاستی وزارت کے سامنے گایا جاتا تھا۔ مسٹر کملناتھ کی قیادت میں کانگریس کی نئی حکومت نے اسے نئی شکل میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس پر آج سے عمل شروع ہوگیا۔