نئی دہلی، 19 مارچ (یو این آئی) سپریم کورٹ نے مدھیہ پردیش میں سیاسی بحران کے حل کے لئے جمعہ کو ہی اسمبلی میں فلور ٹیسٹ کرانے کا حکم دیا ہے۔
جسٹس وائی چندر چوڑ اور جسٹس ہیمنت گپتا کی بنچ نے دو دن تک جاری رہنے والی مراتھن سماعت کے بعد جمعرات کو یہ حکم جاری کیا۔
دیر شام تک سماعت کرنے کے بعد بنچ نے کچھ وقت کا وقفہ لیا۔ تقریباً چھ بجے عدالت حکم سنانے کے لئے بیٹھی۔ عدالت نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں کل اسمبلی کا سیشن بلایا جائے گا اور شام پانچ بجے تک فلور ٹسٹ کا کام مکمل کرنا ہوگا۔
عدالت نے پوری کارروائی کی ویڈیو ریکارڈنگ کرانے کا بھی حکم دیا ہے۔
بنچ نے کہا کہ 16 باغی رکن اسمبلی اگر آنا چاہتے ہیں تو کرناٹک کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اور مدھیہ پردیش کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس انہیں سکیورٹی فراہم کرائیں گے۔