بھوپال: مدھیہ پردیش میں وزیراعلی عہدے کی کمان سنبھالنے جارہے سینئر لیڈر کمل ناتھ نے آج کہا کہ پارٹی اپنے وعدے کے مطابق کسانوں کے قرض معاف کرے گی۔
کانگریس قانون ساز پارٹی کے نومنتخب لیڈر مسٹر کمل ناتھ نے یہاں میڈیا سے بات چیت میں یہ بات کہی۔انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح زرعی شعبہ کو مضبوطی دینا ہوگی۔اس سے زراعت پر مبنی ریاست کی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے روزگار کا انتظام کرنا اور ریاست میں خواتین کے لئے محفوظ ماحول مہیا کرانا ترجیحات میں شامل رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے دوران پارٹی کی جانب سے جاری کئے گئے انتخابی منشور پربھی ترجیح کے ساتھ کام کیا جائے گا۔
الیکشن میں پارٹی کو ملی عوامی حمایت پر انہوں نے ریاست کے عوام کے تئیں شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ ان کی امیدوں پر کھرے اتریں گے ۔اس سے پہلے کل رات یہاں پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر میں قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں مسٹر کمل ناتھ کو روایتی طورپر قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیاگیا۔اس کے ساتھ ہی ان کے وزیراعلی بننے کا راستہ صاف ہوگیا۔مسٹر کمل ناتھ 17دسمبر کو یہاں کے تاریخی لال پریڈ میدان میں منعقد ایک عالی شان پروگرام میں مدھیہ پردیش کے وزیراعلی کے طورپر حلف لیں گے ۔