بھوپال: گزشتہ کئی دنوں سے ٹھنڈ سے بے حال مدھیہ پردیش کے آٹھ شہروں میں درجہ حرارت پانچ ڈگری سے نیچے گرنے سے سردی کے تیور آج بھی سخت رہے۔
مقامی موسمیاتی مرکز کے مطابق، دتیا ریاست کا سرد ترین شہر تھا جہاں آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 2.2 ڈگری سیلسیس تھا۔ کئی دنوں سے سخت سردی کی زد میں گوالیار میں آج صبح درجہ حرارت 2.3 ڈگری سیلسیس اور نوگاؤں میں 2.8 ڈگری رہا۔ گنا، راج گڑھ، رائسین، ریوا اور ستنا میں بھی کم از کم درجہ حرارت پانچ ڈگری سیلسیس سے کم ریکارڈ کیا گیا۔ راجدھانی بھوپال میں بھی آج صبح لگاتار چوتھے دن شدید سردی برقرار ہے۔ راجدھانی میں آج صبح پارہ 7.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ حالانکہ صبح سے بھوپال میں موسم صاف رہا۔ دھند نہ ہونے کے باوجود سڑکوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رہا۔
حیدرآباد: محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیداروں نے حیدرآباد کے کئی مقامات پر ایک ساتھ تلاشی لیتے ہوئے ریئل اسٹیٹ تاجرین اور فائنانسرس کو نشانہ بنایا۔ ذرائع کے مطابق آئی ٹی کے عہدیداروں کی تقریبا 35 ٹیموں نے یہ تلاشی لی۔ ان ٹیموں نے شہرحیدرآباد کے بنجاراہلز پولیس اسٹیشن کے حدود میں آدتیہ کنسٹرکشن پہنچ کر تلاشی لی۔ ان ٹیموں نے بلڈر مادھو ریڈی کے مکان کے ساتھ ساتھ ان کی ریئل اسٹیٹ کمپنیوں کی بھی تلاشی لی۔ آئی ٹی کے عہدیداروں نے اوریجیتا پراجکٹ پرائیویٹ لمیٹیڈ کے ڈائرکٹرس سرینواس ریڈی اور ویراپرکاش کے مکانات اور دفاتر کی بھی تلاشی لی۔ لودھا اپارٹمنٹس جوبلی ہلز، گچی باولی، کونڈاپور اور پنجہ گٹہ میں بھی تلاشی لی گئی۔
الیکشن کمیشن آج ناگالینڈ، میگھالیہ اور تریپورہ اسمبلی انتخابات کا اعلان کرے گا
نئی دہلی: الیکشن کمیشن بدھ کو ناگالینڈ، میگھالیہ اور تریپورہ میں قانون ساز اسمبلیوں کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے گا۔ کمیشن سے موصولہ اطلاع کے مطابق ان تینوں ریاستوں میں انتخابی شیڈول کا اعلان آج 2.30 بجے کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ناگالینڈ، میگھالیہ اور تریپورہ قانون ساز اسمبلیوں کی میعاد اس سال مارچ میں ختم ہو رہی ہے۔
یوپی کے دیوریا میں دلت نوجوان کی بائیک سے لگی ٹکر تو دبنگوں نے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا
یوپی کے دیوریا ضلع میں ایک دلت نوجوان کی موٹر سائیکل سے ٹکر لگنے کے بعد دبنگوں نے لاٹھی ڈنڈوں سے خوب پیٹا، جس کی گورکھپور میڈیکل کالج میں علاج کے دوران موت ہوگئی۔ مدن پور تھانے کے انچارج مکیش مشرا نے بتایا کہ پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔ متوفی اینٹوں کے بھٹے پر مزدوری کرتا تھا۔