علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مرشد آباد( مغربی بنگال) مرکز میں رئیس اے ایم یو مرشد آباد اکیڈمی کا افتتاح علی گڑھ مسلم یونیورسٹی انجینئر اور ممتاز دانشور پروفیسر انور خورشید نے کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر انورخورشید نے کہا کہ اسکول کے طلبأ کو کمپیوٹر کے علم سے متعارف کرانے کے لئے اس قسم کی اکیڈمی کا قیام ضروری تھا۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں چل رہے مدارس کے فارغین کے لئے برج کورس پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مدارس ملک میں تعلیم کا سب سے بڑا وسیلہ ہیں لیکن انہیں تسلیم نہیں کیاگیا ہے ۔
انہوں نے مدارس میں جدید تعلیم دئے جانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف مسلمانوں ہی نہیں بلکہ ملک کی ترقی کے لئے بھی ضروری ہے ۔اس موقعہ پر اے ایم یو کے مرشد آباد مرکز کے ڈائرکٹر اور تنظیم کے صدر پروفیسر بدر الزماں نے کہا کہ اکیڈمی کے قیام کا سہرا مکمل طور پر اے ایم یو انتظامیہ کے سرجاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں اسکولی تعلیم کی صورتِ حال بہتر نہیں ہے اور اس کی ترقی کے لئے وسائل میں اضافہ کی ضرورت ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اکیڈمی اسکولی طلبأکوکمپیوٹر اور انٹرنیٹ کا علم مہیا کرائے گی۔قاسم نگر ہائی ا سکول کے ہیڈ ماسٹر ذوالفقار نے کہا کہ مقامی لوگوں کی اے ایم یو سے کافی توقع وابستہ ہیں کیونکہ وہ تعلیمی طور پر پسماندہ علاقے میں تعلیم کی ترویج و اشاعت کا کام کر رہی ہے ۔
مرشد آباد مرکز میں بی ایڈ کی طالبہ درخشاں نے حاضرین کا خیر مقدم کیا جبکہ نظامت کے فرائض بزنس ایڈمنسٹریشن شعبہ میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سید عاطف جیلانی نے انجام دئے اور اسسٹنٹ پروفیسر اشرف الاسلام انصای نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔واضح ہوکہ اے ایم یو کے مرشد آباد مرکز میں رئیس اے ایم یو مرشدآباد اکیڈمی قائم کی گئی ہے جہاں طلبأ کو نہ صرف کمپیوٹر کا علم دیا جائے گا بلکہ انہیں اس میں ماہر بھی کیا جائے گا۔ اکیڈمی میں ایک سو طلبأ کے داخلے کے ساتھ23؍اکتوبر سے کلاسیں بھی شروع ہوگئی ہیں۔