نئی دہلی۔ جنک پوری ویسٹ اور کالکاجی مندر کے درمیان شروع ہونے والی مجینٹا لائن کا افتتاح آج ہو گا۔ 24.82 کلو میٹر طویل اس لائن کے شروع ہو جانے کے بعد ڈی ایم آر سی نیٹ ورک کی کل لمبائی 277 کلو میٹر ہو جائے گی۔
حکام کے مطابق، رہائش اور شہری معاملات کے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال آج شام ساڑھے 4 بجے نہرو انکلیو میٹرو اسٹیشن پر اس لائن کا افتتاح کریں گے۔ افتتاح کے بعد وزیر اعلی حوض خاص میٹرو اسٹیشن تک کا سفر بھی کریں گے۔ اس لائن کے شروع ہو جانے سے نوئیڈا اور گڑگاوں کے درمیان تقریبا 30 منٹ کا سفر کم ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ، اس لائن کی کئی اور خصوصیات ہیں۔
مجینٹا لائن کئی جگہوں کو جوڑے گا
مجینٹا لائن کے شروع ہو جانے سے دہلی کی کنیکٹوٹی کافی اچھی ہو جائے گی۔ اس کوریڈور کے شروع ہونے سے مغربی دہلی، جنوبی دہلی اور نوئیڈا بہت اچھی طرح سے آپس میں جڑ جائیں گے۔ نوئیڈا سے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ہوائی اڈے تک 35 منٹ میں پہنچا جا سکے گا اس کے ساتھ ہی نوئیڈا سے گڑگاوں تک کی دوری بھی 50 منٹ میں طے کی جا سکے گی جو اب تک ڈیڑھ گھنٹہ میں طے کی جاتی تھی۔
حوض خاص انٹرچینج دہلی میٹرو کا سب سے گہرا اسٹیشن
دہلی میٹرو ٹیم کے لئے حوض خاص اسٹیشن ایک بڑا چیلنج تھا۔ یہاں انٹرچینج کی سہولت ہے۔ نئے اسٹیشن کو 29 میٹر کی گہرائی پر موجودہ اسٹیشن کے قریب بنایا گیا ہے جس کی لمبائی 265 میٹر ہے۔