ممبئی 29 مئی (یو این آئی) کورونا وائرس کے سبب ریاست میں پھنسے ہوئے ہزاروں تارکین وطن محنت کش مزدوروں کو جو اس وبائی صورتحال کے باعث انتہائی پریشانی اور کسمپرسی کی حالت میں اپنے اپنے گاوں کو لوٹنے کے لیے بیچین ہیں، انھیں انکے مقامات پر پہنچانے کے لیے حکومتی کوششیوں کے ساتھ ساتھ ، مختلف تنظیمیں اور انفرادی طور پر صاحب ثروت افراد بھی اپنا اپنا مدد کا ہاتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔
ایسی ہی ایک کوشش کے بطور فلم اسٹار امیتابھ بچن اور حاجی علی درگاہ ٹرسٹ کے ٹرسٹی سہیل کھنڈوانی کے تعاون سے سے تارکین وطن کے پہلا قافلہ روانہ ہوا۔
غریب اور خستہ حال تارکین وطن کی حالت زار سے متاثر ، بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن ان کی مدد کے لئے آگے آئے۔اور آج جمعہ کی نماز کے بعد ، 10 بسوں کے ذریعے سے ، تقریبا 225 پرجوش تارکین ، بشمول خواتین اور 43 بچوں سمیت ، کو اتر پردیش میں مختلف مقامات کے لئے روانہ کیا گیا۔ ممبئی سے ، بسیں لکھنؤ کے لیے ایک ، الہ آباد کے لیے 5، اور گورکھپور اور بھڈوئی کے لئے 2 بسیں روانہ کی گئی ۔ ان مقامات پر پہنچنے کے بعد یہ تارکین وطن اپنے اپنے گاؤں جائیں گے۔
مہاجرمزدوروں نے پرنم آنکھوں سے درگاہ انتظامیہ اور امیتابھ بچن کاشکریہ اد ا کیا اور اپنے وطن واپسی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے خوشی سے انگریزی لفظ وی کا نشان بھی بنایا، ممبئی سے 52 سیٹ والی بس میں معاشرتی فاصلہ کاخیال رکھ کر محض 25 مزدوروں کے پہلے قافلے کو ان کے گاؤں یو پی اترپردیش دوپہر دو بجے روانہ کیاگیا ۔ حاجی علی سے یہ بس نکل کر راستہ میں آستانہ مخدوم پر پہنچی جہاں سلامی اور فاتحہ خوانی کے بعد انہیں اپنی منزل گاؤں کی طرف روانہ کردیا گیا ۔
امیتابھ کے اے بی کارپوریشن کے ڈائریکٹر راجیش یادو کی موجودگی میں حاجی علی اور ماہم درگاہ کے منیجنگ ٹرسٹی ڈاکٹر سہیل کھنڈوانی نے مہاجر مزدوروں اور تارکین وطن کی بس کو ہری جھنڈی دکھائی ۔
درگاہ انتظامیہ کے ٹرسٹی سہیل کھنڈوانی نے بتایا کہ وہ مزدوروں کی وطن واپسی کو لے کر کافی فکر مند تھے اور ان کے دل میں مزدوروں کی حالت زار پرایک درد تھا اس دوران امیتابھ نے بھی اس معاملہ میں پہل کی اور مزدوروں کو آبائی وطن بھیجنے میں دلچسپی دکھائی اور پھر ہمارا مشترکہ آپریشن شروع ہوا اور آج پہلا قافلہ مزدروں کا ان کے گاؤں کے لئے روانہ ہو گیا۔
انھوں نے کہا کہ سلسلہ جاری رہے گا اب بھی ہمارے پاس کئی مزدوروں کی فہرست ہے جنہیں ان کے گاؤں بھیجا جائے گا یہ خدمات درگاہ انتطامیہ بلا تفریق مذہب و ملت انجام دے رہی ہے اور اس میں پریشان حال مزدروں اور زبوں حال خاندان کی مدد کی جارہی ہے راشن سے لے کر دیگر اشیا ضروریہ کی بھی درگاہ انتطامیہ فراہم کر رہا ہے اس میں امیتابھ بچن بھی مشترکہ طور پر شامل حال ہیں
ماہم درگاہ ٹرسٹی (ڈاکٹر) مدثر لامبے نے بتایا کہ کہ ہر ایک تارکین وطن مسافر کی مکمل طبی اسکریننگ کی گئی اور پھر اسے سفر کے لئے کلیئر کرایا گیا ۔ “اس کے علاوہ ، پریشانی سے پاک سفر کو یقینی بنانے کے لئے ، ہر مسافر کو پورے سفر کے لئے ماسک ، سینیٹائزر ، دستانے ، پانی کی بوتلیں اور کھانے کے پیکٹ کی ایک مکمل کٹ دی گئی ہے ، ہر بس میں ضروری دواؤں والی اپنی ایمرجنسی میڈیکل کٹس ہیں۔ ، پھلوں کے جوس ، گلوکوز ، وغیرہ موجود ہیں ”
اس موقع پرماہم درگاہ کے سائبر سیل کے انچارج صابر سید ، حاجی علی درگاہ کے ایڈمنسٹریٹیو افسر احمد بھی موجود تھے۔ ۔
واضح رہے کہ اداکار سونو سوڈ کے بعد یہ امیتابھ بچن بالی ووڈ کی شخصیت ہیں جنھوں نے اس کام میں حصہ لیا۔ اس سے قبل اداکار سونو سوڈ نے آج 167 تارکین وطن کے لیے مہاجروں کے لئے متعدد بسوں اور ایئر ایشیا کی پرواز کا انعقاد کیا ہے ، اس کے علاوہ نیشنل لا اسکول ، بنگلور کے سابق طلباء اور ایک آئی آئی ٹی ٹیم نے 27 مئی کو ممبئی سے رانچی ، جھارکھنڈ کے لئے ایئر ایشیا کی پرواز سے 175 تارکین وطن کو واپس بھیجا۔