ممبئی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کولہاپور میں ایک کوآپریٹو شوگر مل کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں سینئر این سی پی لیڈر حسن مشرف کے گھر اور دیگر احاطے پر چھاپہ مارا۔ ای ڈی نے حسن مشرف کے خلاف دو مہینے میں دوسری مرتبہ چھاپہ ماری وئی ہے۔
خیال رہے کہ ای ڈی کی طرف سے 11 جنوری کو کولہاپور اور پونے میں ان کے رشتہ داروں اور ساتھیوں کے علاوہ مشرف کے خلاف یہ دوسری براہ راست کارروائی ہے۔ سخت سیکورٹی کے درمیان ای ڈی کی ٹیم نے مشرف کے گھر پر چھاپہ مارا اور کاگل میں واقع ان کے گھر کی تلاشی لی۔
آج صبح جیسے ہی چھاپے شروع ہوئے ناراض این سی پی کارکنان، جن میں بڑی تعداد میں خواتین بھی شامل تھیں، مشرف کے گھر کے باہر جمع ہوئے اور بی جے پی، حکومت اور تحقیقاتی ایجنسیوں کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے زبردست احتجاج کیا۔
اسی دوران حسن مشرف کی اہلیہ سائرہ مشرف گھر کے گیٹ پر آئیں اور کارکنوں سے کہا کہ امن قائم رکھیں اور ان سے کہیں کہ ہمیں گولی مار دیں۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ مشرف صاحب گھر میں نہیں ہیں۔ گھر میں بچے کو بخار ہے۔ اگر اسے کچھ ہوا یا گھر کی خواتین میں سے کسی کو کوئی پریشانی ہوئی تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔