ممبئی، 4 اکتوبر (یو این آئی) مہاراشٹرا نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) (اجیت پوار گروپ) کے صدر اور رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے واضح کیا کہ مراٹھا برادری کے لیے ریزرویشن پر ان کی پارٹی کا موقف برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کے ریزرویشن کو خطرے میں ڈالے بغیر مراٹھوں کو ریزرویشن دیا جانا چاہئے۔
مسٹر تٹکرے نے کہا کہ وہ حکومت سے بہار کے خطوط پر ذات پات پر مبنی مردم شماری کرانے کا مطالبہ کریں گے۔
انہوں نے کہا ’’ایسا نہیں ہے کہ مراٹھا برادری کے لوگ آج صرف ریزرویشن کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کر رہے ہیں۔ درحقیقت آج تمام کمیونٹیز ریزرویشن کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج ایک مختلف صورتحال میں مہاراشٹر میں ریزرویشن کے تعلق سے عدم اطمینان کی تصویر ابھر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں مجموعی ماحول یہ ہے کہ انہیں ریزرویشن ملنا چاہئے، لیکن کسی اور کے حصہ سے نہیں۔
مسٹر تٹکرے نے کہا ’’آج، ہم مسٹر اجیت پوار کی قیادت میں کام کر رہے ہیں اور الیکشن کمیشن ان کے موقف سے 100 فیصد اتفاق کرے گا۔