ممبئی،11نومبر(یواین آئی)مہاراشٹر میں حکومت بنانے کےلئے اکثریت حاصل کرنے کےلئے شیوسینا صدر ادھوٹھاکرے اور ان کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے نے آج نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی)کے صدر شرد پوار کے ساتھ ایک گھنٹے تک میٹنگ کی۔
ذرائع کے مطابق مسٹر پوار اور ٹھاکرے کے درمیان باندرا کے ایک ہوٹل میں دوپہر بعد ایک گھنٹے تک میٹنگ چلی اور اس کے اختتام کے بعد سبھی لیڈروہاں سے چلے گئے۔
دونوں رہنماؤں نے ہوٹل کے باہر موجود نامہ نگاروں سےکوئی بات نہیں کی۔شیو سینا نے حکموت بنانے کےلئے این سی پی کو ایک باضابطہ تجویز پیش کی ہے۔شیوسینا کو حمایت دینے یا نہ دینے کے سلسلے میں کانگریس اور این سی پی میں الگ الگ مقامات پر میٹنگیں چل رہی ہیں۔
بھارتیہ جنتا پارٹی نے کل گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے مہاراشٹر میں حکومت بنانے کےسلسلے میں ناکامی ظاہر کی تھی جس کے بعد مہاراشٹر کی دوسری سب سے بڑی پارٹی شیو سینا کو حکومت بنانے کےلئے مدعو کیاگیا اور آج شام تک شیوسینا کو بتانا ہوگا کہ ان کے پاس حکومت بنانے کےلئے مناسب تعداد نہیں ہے۔