نئی دہلی،30 جنوری (یواین آئی) بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 73ویں برسی کے موقع پر ہفتے کو صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند ، نائب صدر ایم وینکئیا نائیڈو اور وزیراعظم نریندر مودی ،باپو کے سمادھی مقام راج گھاٹ پہنچے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ بھی مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے راج گھاٹ پہنچے۔ اس سے پہلے مسٹر کووند نے ٹویٹ کرکے کہا،’’پورے ملک کی جانب سے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی برسی کے موقع پر خراج عقیدت ۔ہمیں امن ،عدم تشدد،سادگی ، ذرائع کی پاکیزگی اور عاجزی کے ان کے اصولوں پر عمل کرنا چاہئے۔ آئیے ہم ان کے سچائی اور پیار کے راستے پر چلنے کا عزم کریں۔‘‘
وہیں مودی نے ٹویٹ کرکے کہا،’’عظیم باپو کو ان کی برسی پر خراج عقیدت۔ ان کے اصول لاکھوں لوگوں کو تحریک دیتے ہیں۔ یوم شہادت پر ہم ان سبھی عظیم خواتین اور مردوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے ہندوستان کی آزادی اور ہر ہندوستانی کی بھلائی کےلئے خود کو مختص کردیا۔‘‘