ممبرا ریلوے اسٹیشن پر بڑا حادثہ، تیز رفتار لوکل ٹرین سے متعدد مسافر گرنے سے پانچ افراد ہلاک
تھانے: ممبئی کی لائف لائن کہلانے والی لوکل ٹرین میں پیر کی صبح ایک بڑا حادثہ اس وقت پیش آیا جب تھانے کے ممبرا ریلوے اسٹیشن پر سی ایس ایم ٹی کی طرف جانے والی بھری تیز رفتار لوکل ٹرین سے کئی مسافر گر گئے، جن میں سے پانچ مسافروں کی موت ہو گئی اور کئی زخمی ہو گئے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ آج ایسے وقت پیش آیا جب زیادہ تر لوگ کام کے پہلے دن دفتر جا رہے تھے۔ ممبئی کی لوکل ٹرینوں میں صبح کے وقت بھاری بھیڑ نظر آتی ہے۔ ٹرین میں زیادہ بھیڑ کی وجہ سے مسافر پھاٹک پر لٹک کر سفر کر رہے تھے کہ اچانک یہ حادثہ پیش آیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے انتظامیہ اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا۔ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ اس واقعے سے لوکل سروس بھی متاثر ہوئی ہے۔