چنئی: چنئی کے انچمبکم میں ایسٹ کوسٹ روڈ پر واقع وی جی پی تفریحی پارک گرمیوں کی چھٹیوں میں سیاحوں سے بھرا رہتا ہے۔ یہاں روزانہ سینکڑوں لوگ تفریح کے لیے آتے ہیں۔ آج بھی لوگوں کی بڑی تعداد تفریحی پارک پہنچی لیکن اسی دوران ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔
شام سات بجے کے قریب تفریحی پارک کے رولر کوسٹر میں 35 افراد سوار تھے جو فنی خرابی کے باعث اوپر جا کر اچانک پھنس گیا۔ اس پر بچے، عورتیں اور مرد سب سوار تھے۔ اتنی بلندی پر رولر کوسٹر کے اچانک رکنے سے سواریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگ ڈر سے چیخ و پکار مچانی شروع کر دی۔
ابتدائی طور پر تفریحی پارک کی انتظامیہ نے اپنی سطح پر لوگوں کو بچانے کی کوشش کی لیکن ان کے پاس ہائی لفٹ نہیں تھی۔ آخر کار فائر ڈیپارٹمنٹ کو اطلاع دی گئی۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقعے پر پہنچی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ تب تک موقعے پر رولر کوسٹر میں پھنسے لوگوں کے رشتہ داروں اور پہچان والوں کی بھیڑ لگ گئی جس سے علاقے میں افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔
فائر ڈیپارٹمنٹ نے پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لیے ایک بڑی لفٹ کا استعمال کیا۔ ریسکیو آپریشن تین گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا۔ فائر بریگیڈ نے پہلے بچوں، خواتین اور بوڑھوں کو بچایا جس کے بعد نوجوانوں کو نیچے اتارا گیا۔
چونکہ رولر کوسٹر تقریباً 150 فٹ کی بلندی پر پھنس گیا تھا، اس لیے بچے خوف اور تھکاوٹ کے عالم میں نظر آئے۔ کچھ بچے گھبراہٹ میں بے ہوش بھی ہو گئے جنہیں موقعے پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال لے جایا گیا۔
فائر ڈپارٹمنٹ نے راحت کی سانس لی اور کہا کہ تمام 35 لوگوں کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے۔ فی الحال پولس اس حادثے کی وجوہات کی جانچ کر رہی ہے۔