تہوار کے موسم میں مزدور اور ملازمت پیشہ افراد ملک کے کونے کونے سے اپنے گھر پہنچنے کے لیے کوشاں ہیں۔ ان کا سفر کئی معنوں میں مشکل ترین ثابت ہو رہا ہے۔
گھر پہنچنے کے لئے وہ ہر جوکھم بھی اٹھانے کو تیار رہتے ہیں خواہ ٹرینوں اور بسوں میں کتنی ہی بھیڑ کیوں نہ ہو۔ حالانکہ اس جوکھم میں کچھ غریب الوطن افراد کو حادثات کی شکل میں جان سے ہاتھ دھونا پڑ جاتا ہے تو کچھ لوگوں کو جسمانی مسائل کا سامنا کرنا پڑجاتا ہے۔
کچھ اسی طرح کا معاملہ اتر پردیش کے کشی نگر میں پیش آیا ہے جہاں جمعرات کی صبح ایک بڑا حادثہ ہوگیا۔ یہاں ایک بس بے قابو ہو کر الٹ گئی حالانکہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ جے پورسے بہار کے مدھوبنی جارہی بس اچانک کشی نگر میں الٹ گئی۔ حادثے میں بس میں سوار تقریباً 24 مسافر زخمی ہو گئے۔
حادثے کے فوری بعد مقامی لوگوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی ایک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے بچاو اور راحت کا کام شروع کیا۔ بس میں پھنسے افراد کو مقامی لوگوں کی مدد سے بس سے باہر نکالا گیا۔ یہ کارروائی کئی گھنٹے تک چلی۔ زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
خبروں کے مطابق یہ حادثہ کشی نگر ضلع میں یوپی-بہار سرحد پر پیش آیا۔ قومی شاہراہ 28 پر ترایا سوجان تھانہ علاقہ کے بہادر پور پولیس چوکی کے قریب یہ واقعہ پیش آیا۔ دیوالی کے بعد بھائی دوج اور چھٹھ تہوار منانے کے لئے ملک بھر سے بڑی تعداد میں لوگ اپنے اپنے گھرکی طرف لوٹ رہے ہیں۔ بسوں اور ٹرینوں میں بھاری بھیڑ چل رہی ہے۔ اس دوران یہ بڑا حادثہ اتر پردیش میں پیش آیا۔