کشی نگر: اترپردیش کے کشی نگر ضلع کے نیبوا نورنگیہ تھانہ علاقے میں اتوار کی رات ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا۔ پڈرونا-نورنگیہ روڈ پر بھجولی شکلا گاؤں کے قریب رات تقریباً 10 بجے ایک کار درخت سے ٹکرا گئی۔
حادثے میں چھ افراد کی موقعے پر ہی موت ہوگئی۔ حادثے میں دو افراد شدید زخمی ہیں۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ لاشوں کو نکالنے کے لیے کافی مشقت کرنی پڑی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقعے پر پہنچی اور تمام افراد کو اسپتال پہنچایا۔ اس کے ساتھ ہی پولیس اہل خانہ کو اطلاع دینے کے بعد حادثے کی تحقیقات میں مصروف ہے۔
پولیس میڈیا سیل کی طرف سے دی گئی جانکاری کے مطابق اتوار کو رامکولہ تھانہ حلقے کے نارائن پور چرگاؤں سے شادی کی بارات نیبوا نورنگیہ علاقہ کے دیوگاؤں گئی تھی۔ اسی شادی کی بارات میں آٹھ افراد ایک کار میں پڈرونہ سے پپرا جا رہے تھے کہ گاڑی اچانک بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے لگے درخت سے ٹکرا گئی۔
تصادم اتنا شدید تھا کہ کار بری طرح پچک گئی اور اس میں سوار آٹھ افراد اندر پھنس گئے۔ مقامی لوگوں اور پولیس نے گیس کٹر اور گرائنڈر مشین سے ایک گھنٹے کی محنت کے بعد مسخ شدہ لاشوں کو گاڑی سے باہر نکالا۔ بعد ازاں لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال لایا گیا۔
مرنے والوں میں دو حقیقی بھائی ہریندر اور یوگیندر کے علاوہ رنجیت، مکیش اور بھیم لکشمن یادو شامل ہیں۔ مہلوکین میں نارائن پور چراغہ کا کار ڈرائیور اوم پرکاش بھی شامل ہے۔ زخمی راج کشور نارائن پور چارگاون اور بھٹائی کے رہنے والے بجرنگی کو پہلے کشی نگر ضلع اسپتال لے جایا گیا جہاں سے دونوں کو گورکھپور میڈیکل کالج ریفر کر دیا گیا۔
بجرنگی متوفی ہریندر کا بہنوئی ہے۔ پولیس کے مطابق تمام لوگ دیوگاؤں گاؤں میں شادی کی تقریب میں جا رہے تھے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور زخمیوں کے مناسب علاج کی ہدایات دیں۔