مہاراشٹر کے ناسک میں ایک بڑے سڑک حادثے کی خبر ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ناسک کے دوارکا فلائی اوور پر ٹرک اور پک اپ گاڑی کے درمیان تصادم میں 8 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
ان سبھی کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ٹرک لوہے سے لدا ہوا تھا۔
نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق حادثہ اتوار یعنی 12 جنوری کی شام 7.30 بجے آیپا مندر کے قریب پیش آیا۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ ٹیمپو میں 16 مسافر سوار تھے جو ایک مذہبی تقریب سے واپس آ کر سڈکو کی طرف جا رہے تھے۔
ٹیمپو ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا اور لوہے کی سلاخوں سے ٹکرا گیا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کچھ لوگ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ایک اہلکار کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کے عملے نے مقامی لوگوں اور راہگیروں کی مدد سے حادثے کا شکار ہونے والے افراد کو باہر نکالا اور ایمبولینس کے ذریعہ تمام افراد کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا۔
زخمیوں میں سے کچھ کا علاج ضلع اسپتال اور کچھ کا نجی اسپتال میں چل رہا ہے۔ خدشہ ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ کئی مسافروں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
حادثے میں کتنے افراد زخمی ہوئے اس بارے میں ابھی تک معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔