دال بھرے کریلے ’قیمہ بھرے کریلے‘ سے ملتے جلتے ہیں، اگر آپ کو سبزیاں کھانا پسند نہیں تو انہیں منفرد انداز میں پکا کر کھائیں تاکہ سبزیوں کے فائدوں سے آپ لطف اٹھا سکیں۔
کئی لوگ کریلے کے نام سے بھی دور بھاگتے ہیں، کسی کو اس کی کڑواہٹ پسند نہیں ہوتی لیکن اس میں موجود آئرن، میگنیشیم، پوٹاشیم، وٹامن سی، کیلشیم کی خاص مقدار آپ کی جسمانی صحت کے لیے بے حد مفید ہے۔
اس لیے سبزیوں پر مشتمل ڈائیٹ پر عمل کرنے والے خواتین و حضرات کے لیے یہ ڈش فیورٹ ہوتی ہے، کریلے پکنے کے بعد ان کے ذائقے میں مسحور کن اضافہ ہوجاتا ہے۔
دال بھرے کریلے بنانے کے لیے نیچے دی گئی ترکیب آزمائیں
اجزا
زیرہ 1 اور ½ چمچ
ثابت دھنیا 2 چمچ
سونف 1 چمچ
ثابت لال مرچ 8
کلونجی آدھا چائے کا چمچ
رائی دانہ آدھا چائے کا چمچ
کریلا آدھا کلو
نمک 1-2 چٹکی
تیل 2 کھانے کے چمچ
ہلدی پاؤڈر ¼ چائے کا چمچ
پیاز کٹے ہوئے 2
کچا آم آدھا کپ کٹا ہوا
ادرک لہسن پسا ہوا 2 اور ½ چمچ
3 کٹی ہوئی ہری مرچ
ہرا دھنیا کٹا ہوا
لال مرچ پاؤڈر 2 عدد
پسا ہوا مسالہ 2-3 چمچ
ترکیب
ایک فرائی پین میں زیرہ، دھنیا، سونف، ثابت لال مرچ، رائی دانہ اور کلونجی ڈال کر انہیں 2 منٹ کر ہلکا براؤن کرلیں اور ایک پیالے میں نکال کر سائیڈ کر ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ لیں۔
ٹھنڈا ہوجانے کے بعد اسے ایک بلینڈر میں اچھی طرح پیس لیں اور ایک طرف رکھیں۔
ایک کڑاہی میں تیل ڈال کر اسے درمیانی آنچ پر گرم کریں، پھر اس میں کٹی ہوئی پیاز ڈال کر اچھی طرح تلیں تاکہ وہ سنہری ہوجائے۔
اب اس میں لہسن کا پیسٹ، پسی ہوئی لال مرچ، گرم مسالا، پسی ہوئی ہلدی، پسا ہوا دھنیا، پسی ہوئی سفید مرچ، پسی ہوئی کالی مرچ اور چاٹ مسالا ڈال کر اچھی طرح ملالیں تاکہ آمیزہ تیار ہوجائے۔
اب اس میں اُبلے ہوئی چنے کی دال ڈال کر اچھی طرح بھونیں۔
اب اس میں کٹا ہوا دھنیا ڈال کر اچھی طرح بھونیں (آپ اس میں املی کی چٹنی بھی ڈال سکتے ہیں)۔
اب چھلے ہوئے اور اچھی طرح صاف کیے ہوئے کریلے لیں اور انہیں اچھی طرح سکھا لیں کہ پانی باقی نہ رہے۔
اور پھر ان میں ایک ایک کرکے دال بھریں پھر اس پر دھاگا لپیٹ دیں تاکہ فرائی کرتے وقت وہ کھل نہ سکیں۔
اب کڑاھی میں تیل گرم کریں اور دال بھرے کریلوں کو اس میں ڈال کر اچھی طرح تل لیں، جب وہ گولڈن براؤن ہوجائیں تو انہیں نکال کر ٹشو پیپر پر رکھ دیں تاکہ اضافی تیل ٹشو پیپر میں جذب ہوجائے۔
گرما گرم مزے دار ’دال بھرے کریلے‘ تیار ہیں، اسے رائتہ، زیرہ ملے دہی اور چپاتی کے ساتھ پیش کریں۔