کوفتہ مصالحے کا شمار اُن کھانوں یا سالن میں ہوتا ہے، جو پاکستانی معاشرے میں زیادہ کھائے جاتے ہیں، اس کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اب کئی کمرشل ہوٹلز بھی کوفتہ مصالحہ بنانے لگے ہیں۔
کوفتے عموماً قیمے سے بنائے جاتے ہیں اور ہر کسی کو یہ ڈش بےحد پسند آتی ہے، تاہم اگر اپنے گھر والوں کے سامنے کچھ نیا پیش کرنے کا ارادہ کیا جائے تو اس کوفتوں کو کسی اور انداز میں بھی بنایا جاسکتا ہے۔
آج ہم آپ کو یہاں ذائقہ دار آلو کے کوفتے بنانا سکھائیں گے۔
اجزاء
آلو کوفتے بنانے کیلئے:
آلو – ابلے ہوئے آلو 500 گرام
بریڈ کرمبز – 4 کھانے کے چمچ
سرخ مرچ پاؤڈر – ½ چائے کا چمچ
چاٹ مصالحہ – ½ چائے کا چمچ
نمک – حسب ذائقہ
ہرا دھنیہ – ڈیڑھ چائے کا چمچ
تیل – تلنے کے لیے
گریوی بنانے کیلئے:
تیل – 2 کھانے کے چمچ
پیاز – ایک بڑی
لہسن – 2 جوے
ادرک – ½ ٹکرے
ٹماٹر – 2 درمیانی
تیل – 4 کھانے کے چمچ
دارچینی – ایک ٹکڑا
لونگ – 2 عدد
ہری الائچی – 2 عدد
زیرا – ½ چائے کا چمچ
ہلدی – ¼ چائے کا چمچ
سرخ مرچ پاؤڈر – ایک چائے کا چمچ
دھنیہ پاؤڈر – ½ چائے کا چمچ
نمک – حسب ذائقہ
پانی – ڈیڑھ کپ
گرم مصالحہ – ½ چائے کا چمچ
قصوری میتھی – 2 چائے کا چمچ
کریم
طریقہ
آلو کوفتے بنانے کی ترکیب:
ابلے ہوئے آلو کو میش کرلیں، پھر اس میں بریڈ کرمبز شامل کرین، سرخ مرچ پاؤڈر، چاٹ مصالحہ، نمک اور ہرا دھنیہ ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور 15 منٹ کیلئے رکھ لیں۔
بعدازاں اس سے 8 سے 10 کوفتے بنالیں اور سائڈ پر رکھ دیں۔
گریوی تیار کرنے کی ترکیب:
فرائی پین میں تیل، پیاز، لہسن اور ادرک ڈال کر ہلکی سنہری ہونے تک فرائی کریں اور پھر سائڈ پر رکھ دیں۔
اس ہی فرائی پین میں ٹماٹر ڈال کر نرم ہونے تک 2 سے 3 منٹ کیلئے پکا لیں پھر سائڈ پر رکھ دیں۔
اس پیاز اور ٹماٹر کو بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کرلیں۔
ایک پتیلی میں تیل، دارچینی، لونگ اور ہری الائچی ڈال کر مکس کریں۔
زیرا ڈال کر اسے مزید ملائیں، اس میں بلینڈ کی ہوئی پیاز اور ٹماٹر شامل کریں اور مکس کریں، ہلدی پاؤڈر، سرخ مرچ پاؤڈر، دھنیہ پاؤڈر اور نمک ڈال کر مکس کریں اور تیل الگ ہونے تک پکا لیں۔
اس میں پانی شامل کریں اور ابال آنے تک 2 سے 3 منٹ کیلئے پکا لیں۔
گرم مصالحہ پاؤڈر اور قصوری میتھی ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔
کڑھائی میں تیل گرم کریں اور آلو کوفتے کو سنہرے ہونے تک فرائی کرلیں۔
بعدازاں گریوی میں آلو کوفتے ڈالیں اوپر سے کریم ڈال کر سجائیں اور گرم گرم نان کے ساتھ گھر والوں کے سامنے پیش کریں۔