تربوز کے پھل کو جہاں گرمیوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے، وہیں اس کے بیشمار طبی فوائد بھی ہیں اور آج کل اسے افطاری کا حصہ بنانے کے بیشمار فوائد ہیں، جن سے نہ صرف جسم میں توانائی بحال ہوتی ہے بلکہ کئی طرح کے طبی فوائد بھی ہوتے ہیں۔
یہ ایک حقیقت ہے کہ تربوز ایسا پھل ہے جو درجہ حرارت بڑھنے پر جسم کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد دیتا ہے بلکہ اسے دیکھنا ہی ذہن کو تروتازہ کردیتا ہے۔
جسم میں پانی کی مقدار برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ تربوز میں موجود اجزا جیسے لائیکوپین، پوٹاشیم اور فائبر سمیت دیگر مختلف فائدے پہنچانے میں مدد دیتے ہیں۔
گرمیوں کے موسم میں روزے کی وجہ سے انسانی جسم میں پانی کی مقدار کم ہوجاتی ہے، تاہم تربوز کو افطاری کا حصہ بنانے سے روزیدار نہ صرف اپنے جسم میں پانی کی مقدار کو بحال کر سکتے ہیں بلکہ کئی طرح کے فوائد بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
اگرچہ متعدد افراد اسے شوق سے کھاتے ہیں مگر زیادہ تر لوگوں کو اس کے صحت پر مرتب ہونے والے اثرات کا علم نہیں ہوتا، ہم یہاں تربوز کے حیران کن طبی فوائد بیان کر رہے ہیں۔
نظام ہاضمہ میں مددگار
تربوز میں پانی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جو کہ نظام ہاضمہ کو بہتر بنانے میں مدد دیتی ہے، اس کے علاوہ تربوز میں موجود فائبر بھی ہاضمے کی کارکردگی بڑھاتا ہے جبکہ قبض کی روک تھام کرتا ہے۔
ہیٹ اسٹروک سے بھی بچائے
پانی کی زیادہ مقدار ہونے کے باعث یہ پھل ہیٹ اسٹروک سے بھی بچاتا ہے، یہ ان چند پھلوں میں سے ایک ہے جو پیاس کو بجھاتا ہے جبکہ گرمی سے جلن کے احساس پر قابو پانے میں بھی مدد دیتا ہے۔
جسمانی توانائی بڑھائے
تربوز وٹامن بی کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے جو کہ جسم میں توانائی کی فراہمی کا ذمہ دار ہوتا ہے، اس میں کیلوریز کم ہوتی ہیں مگر توانائی زیادہ، جو دن بھر جسمانی طور پر متحرک رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ اس میں موجود پوٹاشیم دن بھر کی مصروفیات کے باوجود تھکاوٹ کے احساس کو دور رکھتا ہے۔
شریانوں اور ہڈیوں کی صحت
تربوز میں موجود لائیکو پین خون کی شریانوں کی صحت کے لیے بہت اہم ہے جبکہ یہ ہڈیوں کی صحت کو بھی بہتر بنا ہے۔ تربوز کا زیادہ استعمال خون کی شریانوں کے افعال کو بہتر بناتا ہے کیونکہ اس سے دوران خون بہتر ہوتا ہے جبکہ بلڈ پریشر کی سطح معمول پر آتی ہے۔ لائیکو پین سے آکسی ڈیٹیو اسٹریس بھی کم ہوتا ہے جبکہ ہڈیوں کی کمزوری کا باعث بنتا ہے، اسی طرح تربوز میں پوٹاشیم بھی ہوتا ہے جو کہ جسم میں کیلشیئم کی سطح برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے جو کہ مضبوط ہڈیوں کے لیے ضروری جز ہے۔
جسمانی چربی میں کمی
تربوز میں موجود سٹرولائن خلیات میں چربی کے اجتماع کی شرح کم کرتا ہے، سٹرولائن ایسا امینو ایسڈ ہے جو کہ جسم میں جاکر آرجنین میں تبدیل ہوجاتا ہے جو کہ گردوں کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔ سٹرولائن فیٹ سیلز میں ایسی سرگرمیوں کو روکتا ہے جو کہ جسم پر چربی چڑحنے کا باعث بنتے ہیں جس سے توند سے نجات بھی ممکن ہوتی ہے۔
ورم کش
تربوز میں مختلف اجزاءجیسے فلیونوئڈز، کیروٹین اور دیگر شامل ہوتے ہیں، کیروٹین جسم میں ورم کی سطح میں کمی لانے اور مضر صحت اجزاءسے نجات میں مدد دیتا ہے۔ اس میں شامل tripterpenoid بھی ورم کش ہوتا ہے اور ایسے انزائمے روکتا ہے جو کہ جسمانی ورم کا باعث بنتا ہے۔
جگر اور گردوں کے لیے مفید
تربوز پیشاب کی روانی کو بڑھانے میں مدد دیتا ہے مگر گردوں پر بوجھ نہیں ڈالتا۔ اسی طرح یہ پھل جگر کے افعال جیسے امونیا کے اخراج میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے جس میں خرابی کی صورت میں اضافی سیال مواد بڑھتا ہے اور گردوں پر دباﺅ بڑھ جاتا ہے۔
دمہ کی روک تھام
تربوز میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹ لائیکوپین جسم کو نزلہ زکام اور فلو سے لڑنے میں مدد دیتا ہے جبکہ یہ بچوں میں دمہ کی علامات کو بھی کم کرنے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔