نئی دہلی، 12 مئی (ہ س)۔ دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ نے سی بی آئی سے متعلقہ دہلی ایکسائز گھوٹالہ کیس میں دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کی عدالتی تحویل میں 2 جون تک توسیع کر دی ہے۔ عدالت نے سی بی آئی کی طرف سے داخل کی گئی چارج شیٹ کا نوٹس لینے کے معاملے پر سماعت کی تاریخ بھی 2 جون مقرر کی ہے۔آج اس معاملے میں منیش سسودیا کی عدالتی حراست ختم ہو رہی تھی، جس کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔
سی بی آئی نے اس معاملے میں 25 اپریل کو دہلی میں ضمنی چارج شیٹ داخل کی تھی۔ سی بی آئی نے اس معاملے میں منیش سسودیا پر بھی الزام عائد کیا ہے۔ منیش سسودیا کے علاوہ بوچی بابو، ارجن پانڈے اور امندیپ ڈھل کوبھی ضمنی چارج شیٹ میں نامزد کیا گیا ہے۔ بوچی بابو، تلنگانہ کے وزیر اعلی کے سی راؤ کی بیٹی، کے. کویتا کے سی اے رہ چکے ہیں۔ سسودیا کو سی بی آئی نے 26 فروری کو گرفتار کیا تھا۔سی بی آئی نے 25 نومبر 2022 کو پہلی چارج شیٹ داخل کی تھی۔ 15 دسمبر، 2022 کو، عدالت نے چارج شیٹ کا نوٹس لیتے ہوئے، ملزمان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 120بی اور انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 7، 7اے اور 8 کے تحت الزامات طے کیے۔
ان ملزمان میں کلدیپ سنگھ، نریندر سنگھ، وجے نائر، ابھیشیک بوئینا پلی، ارون رام چندر پلئی، متھو گوتم اور سمیر مہندرو شامل ہیں۔