نئی دہلی ، 31 مئی (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک سے اپیل کی ہے کہ کورونا کے خلاف جنگ ابھی بھی سنجیدہ ہے اور اسے کسی بھی سطح پر کمزور ہونے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔
اتوار کو آکاشانی سے ہر مہینے نشر ہونے والے اپنے ریڈیو پروگرام ‘من کی بات’ میں ، مسٹر مودی نے کہا کہ ہمیں اس حقیقت پر خصوصی توجہ دینی ہوگی کہ کورونا لڑائی کو کمزور نہ کیا جائے۔ یہ لڑائی ابھی بھی سنگین ہے اور اس کا خطرہ چیلنج بھرا ہے ، لہذا کورونا کے خلاف جنگ کے محاذ پر مضبوطی سے کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا سے لڑنے کے لئے جن اصولوں پر عمل کیا گیا ہے ان کو جاری رکھنا ہوگا۔ اس کے لئے ، آپ کو اب بھی وقتاً فوقتاً ہاتھ دھوتے رہنا ہے ، ماسک پہننا ہے ، دوسرے لوگوں سے دو گز دور رہنا ہے ، اپنے ارد گرد صفائی ستھرائی رکھنا ہے اور کورونا کو شکست دینے کے لئے ان تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہے جن پر اب تک عمل کرتے رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا ، ’’ہم سب کو یہ بات ذہن میں رکھنی ہوگی کہ اس سخت محنت کے بعد ، بہت ساری مشکلات جھیلنے کے بعد ، جس طرح ملک نے حالات کو سنبھالا ہے ، اسے خراب نہیں ہونے دیں۔ ہمیں یہ لڑائی کمزور ہونے نہیں دینی ہے۔ اگر ہم لاپرواہ ہوجاتے ہیں یا احتیاط ترک کردیتے ہیں تو اس کا کوئی متبادل ہی نہیں ہیں۔ کورونا کے خلاف جنگ اتنی ہی سنجیدہ ہے۔ آپ ، آپ کا کنبہ ، اب بھی کورونا سے شدید خطرہ میں پڑ سکتا ہے۔ ہمیں ہر انسان کی جان بچانی ہے ، یہ احتیاطیں اپنے ، اپنے لوگوں ، اپنے ملک کے لئے ضروری ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ حکومت نے حالیہ دنوں اقتصادی محاذ پر متعدد اقدام کئے ہیں جن میں دیہی علاقوں میں صنعتی کام قائم ہوں گے اور لوگوں کو مقامی سطح پر روزگار کے مواقع دستیاب ہوں گے۔انہوں نے مقامی مصنوعات کو فروغ دینے کے لئے خود کفیل ہندوستان بنانے کی سمت میں حکومت کے اقدام کو مناسب قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا۔’’اس بحران میں سب سے بڑی چوٹ اگر کسی پر پڑی ہے تو ہمارے غریب،مزدور،پر پڑی ہے۔ان کی تکلیف اور پریشانیوں کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ابھی جو فیصلے کئے ہیں ،اس سے گاوں میں روزگار،خودرروزگار،چھوٹی صنعتوں سے متعلق بڑے امکانات کھلے ہیں۔