ممبئی : مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شنڈے نے کہا ہے کہ کل جماعتی میٹنگ میں مراٹھا برادری کو ریزرویشن دینے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے دیگر برادریوں کے کوٹے پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
مسٹر شنڈے کل دیر رات مراٹھا ریزرویشن کے جاری مسئلہ کو حل کرنے کے لئے اپنی صدارت میں سہیادری گیسٹ ہاؤس میں منعقدہ ایک آل پارٹی میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کر رہے تھے ۔
خیال رہے کہ مراٹھا کارکن منوج جارنگے پاٹل مراٹھا ریزرویشن کے مطالب پر زور دینے کے لئے جالنا ضلع میں گزشتہ 14 دنوں سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔
مسٹر شنڈے نے کہا کہ مراٹھا برادری کو ریزرویشن دینے کے لیے ریاست کی تمام پارٹیاں متحد ہیں اور اس سمت میں ٹھوس قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس لیے تمام پارٹیوں کے نمائندوں نے جارنگ پاٹل سے اپنی بھوک ہڑتال واپس لینے کی درخواست کی ہے ۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی اعلان کیا کہ اس تحریک کے دوران مراٹھا کارکنوں کے خلاف درج مقدمات کو واپس لینے کی کارروائی فوری طور پر شروع کر دی گئی ہے ۔
مسٹر شنڈے نے کہا کہ حکومت مراٹھا ریزرویشن کے لیے بہت سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے اور یہ دیکھا جائے گا کہ عدالت میں بغیر کسی سمجھوتہ کے ریزرویشن کیسے دیا جا سکتا ہے ۔ ایسا کرتے ہوئے دوسری برادریوں کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہیے ، اس لیے انہوں نے یہ بھی درخواست کی کہ دیگر برادریوں کو ایجی ٹیشن کا راستہ نہیں اپنانا چاہیے ۔
مسٹر شنڈے نے کہا کہ میٹنگ میں موجود قائدین نے بھی ریاستی حکومت کی طرف سے کی جارہی کوششوں سے اتفاق کیا اور اپنی تجاویز پیش کیں۔
اجلاس میں بھوک ہڑتال کے دوران حالات کو ٹھیک سے نہ سنبھالنے پر متعلقہ سب ڈویژنل آفیسر اور ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جسٹس شنڈے کمیٹی میں جارنگے پاٹل یا ان کے نمائندے کو مقرر کیا جائے گا۔
مختلف جماعتوں کے قائدین نے مراٹھا برادری کو ریزرویشن فراہم کرنے کی ریاستی حکومت کی کوششوں کی حمایت کی، جس کے لیے وزیر اعلیٰ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
میٹنگ میں نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس، نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، وزراء رادھا کرشن وکھے پاٹل، چھگن بھجبل، گریش مہاجن اور دادا جی بھوسے ، قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر امباداس دانوے ، اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹیوار نے شرکت کی۔
آال پارٹی میٹنگ میں مختلف پارٹیوں کے مدعو اراکین چھترپتی سنبھاجی راجے بھوسلے ، جینت پاٹل، بالاصاحب تھوراٹ، انیل پرب، راجیش ٹوپے ، چندر شیکھر باونکولے ، راجو پاٹل، ونود نکولے ، سدبھاؤ کھوت، راجیندر گوئی، سنیل تٹکرے ، گوتم سوناو شامل تھے ۔ ریاست کے چیف سکریٹری منوج سونک کے علاوہ مختلف محکموں کے سکریٹریز اور سینئر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔