فلسطین کی 2 تنظیموں حماس اور جہاد اسلامی نے صیہونیوں کی جانب سے مسجد الاقصیٰ سے متعلق حالیہ اقدامات کے بارے میں بیان جاری کیا ہے۔
فلسطین کی اطلاع رسانی کے مرکز کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی 2 تنظیمیں حماس اور جہاد اسلامی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کی حالیہ جارحیت کا مقصد مسجد الاقصیٰ پر قبضہ اور اسے یہودی بنانے کے لئے ہے اور صیہونیوں کی اس قسم کی جارحیت نے مسلمانوں کو ان کی اہم عبادتگاہ اور مقدس ترین مقام پر نشانہ بنایا ہے۔
حماس اور جہاد اسلامی نے تاکید کی کہ مسجد الاقصیٰ ریڈ لائن ہے اور اس مسجد کی کسی بھی قسم کی اہانت پر خاموش نہیں رہا جا سکتا۔
ان دونوں تنظیموں نے صیہونیوں کے اقدامات کے خاتمے اور مسجد الاقصیٰ سے اسرائیلیوں کے نکلنے کا مطالبہ کرتے ہوئے فلسطینی عوام سے مسجد الاقصیٰ کی حفاظت اور تحریک انتفاضہ کو وسیع کرنے کیلئے بھر پور شرکت کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ جمعے کو فلسطینی نوجوانوں کی جانب سے مسجد الاقصیٰ کے احاطے میں باب العمود کے نزدیک شہادت طلبانہ کارروائی کے دوران تین فلسطینی شہید ہوئے تھے جبکہ دوسری جانب دو صیہونی فوجی ہلاک اور تین زخمی ہوئے تھے۔
اس کارروائی کے بعد اسرائیلی پولیس نے قدس کے قدیمی شہر کے دروازے اور مسجد الاقصیٰ کو بند کردیا اور نماز پر پابندی عائد کردی ۔