اورلینڈو: امریکی ریاست فلوریڈا کے جنوبی شہر اورلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب میں فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ میں امریکی میڈیا کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ’پلس اورلینڈو‘ نامی ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب میں فائرنگ کے بعد وہاں بھگدڑ مچ گئی، جبکہ زخمی و ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے تاحال تصدیق نہیں ہوسکی۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا بھر میں ہم جنس پرستوں کو شادی کی اجازت
فائرنگ کے بعد بحفاظت نائٹ کلب سے باہر نکلنے والے کئی افراد نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغامات میں کہا کہ ایک مسلح شخص نے اچانک کلب میں گھس کر فائرنگ شروع کردی اور کئی لوگوں کو یرغمال بنا لیا۔
مزید پڑھیں: ہم جنس پرستوں کو معاشرے کا حصہ بنایا جائے، پوپ فرانسس
امریکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے مقامی لوگوں کو گھروں میں رہنے جبکہ دیگر افراد کو اس علاقے میں نہ آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واقعے کے فوری بعد نائٹ کلب کے فیس بک پیج پر بھی انتظامیہ کی جانب سے پیغام دیا گیا کہ ’تمام افراد کلب سے باہر نکل جائیں اور بھاگتے رہیں۔‘