بھارت کی نامور اداکارہ شبانہ اعظمی نے تاریخی فلم’دی بلیک پرنس‘میں ایک بار پھر اپنی لازوال اداکاری کے جوہر دکھاکر ناقدین کو چپ کرادیا ہے۔
شبانہ اس فلم میں دلیپ سنگھ کا کردار نبھانے والے ستندر سرتاج کی ماں کا کردار نبھائیں گی۔
فلم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ آنجہانی شہزادی لیڈی ڈیانا کی خاندانی ریاست التھورپ میں فلم ” بلیک پرنس“ کی عکسبندی کرانا میرے لئے باعث فخر ہے کیونکہ یہی وہ جگہ ہے جہاں شہزادی لیڈی ڈیانا نے اپنا بچپن گزارا تھا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ میں ہمیشہ ہی معیاری کام کو ترجیح دیتی ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں اُنہوں نے بتایا کہ اگر کوئی میرے کام پر تنقید کرے تو نظر انداز کردیتی ہوں لیکن غصہ نہیں کرتی۔
واضح رہے ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کے ستاروں سے سجی اس فلم کے ٹریلر کو سوشل میڈیا پر اب تک 10 لاکھ سے زائد شائقین دیکھ اور پسند کر چکے ہیں جبکہ شبانہ اعظمی کے منفرد کردار کو بھی ہر جگہ سراہا جارہا ہے۔
شائقین فلم کو بھی اس کہانی کو بڑے پردے پر دیکھنے کا بے چینی سے انتظار ہے۔ فلم کی تحریر اور ہدایتکاری کے فرائض لاس اینجلس کے فلم ساز کوی راز نے انجام دیئے ہیں جبکہ اِسے بھارت کے ساتھ برطانیہ میں بھی فلمایا گیا ہے۔
جاسن فلیمنگ، امیندہ روٹ، کائٹ ڈفی، ڈیوڈ، روپ میگن اور صوفی اسٹیون بھی اس فلم کے اہم کرداروں میں شامل ہیں۔ مہاراج دلیپ سنگھ کی تکلیف دہ اور دردناک زندگی پر بنائی گئی حقیقی فلم ”دی بلیک پرنس“ 21جولائی کو پاکستان بھر میں ”جیوفلمز“ کے تعاون سے نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔