لکھنؤ : نائیجیریا میں تحریک اسلامی کے قائد آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزاکی کوعلاج کے لئے ہندوستان آنے کی اجازت کا استقبال کرتے ہوئے امام جمعہ مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہاکہ نائیجیریا حکومت کو چاہیے کہ وہ آیت اللہ زکزاکی کو جلد از جلد علاج کے لئے ہندوستان روانہ کرے ۔
مولانانے کہاکہ عدالت نے آیت اللہ زکزاکی کو علاج کے لئے ہندوستان آنے کی اجازت دیدی ہے مگر حکومت عدالت کے احکامات پرعمل نہیں کررہی ہے ۔ہم اپنی ہندوستانی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ نائیجیریا حکومت پر دبائو بنائے تاکہ نائیجیریا میں شیعوں پر ہورہے مظالم کا سلسلہ بند ہو،بے گناہ قیدیوں کو رہا کیا جائے اور آیت اللہ زکزاکی کو علاج کے لئے ہندوستان بھیجا جائے ۔مولانانے کہاکہ آیت اللہ زکزاکی ایسی مظلوم شخصیت ہے جس کی نظیر تاریخ میں کم ہی ملے گی ۔ان کے ۶ بیٹوں کو قتل کردیا گیااور ان کے خانوادے پر بے انتہا تشدد کیا گیاہے ۔ہم حکومت ہند سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ نائیجیریا حکومت پر دبائو ڈالے تاکہ نائیجیریا میں ظلم بند ہوسکے اور آیت اللہ زکزاکی اپنی اہلیہ کے ساتھ علاج کےلئے ہندوستان آسکیں۔