گذرنے والا ہر سال جہاں اپنے اچھے، برے یا پھر کھٹے میٹھے تجربات کے نشان چھوڑ جاتا ہے وہیں نیا سال نئی امیدوں، خواہشات اور نئے جوش کو بھی جنم دیتا ہے تاہم بالی وڈ کا یہ سال کافی ہلچل مچا کر جا رہا ہے۔
اس سال جہاں کئی بڑی بڑی ہیروئنز شادی کے بندھن میں بندھیں وہیں بڑے بڑے سٹارز کی بڑے بڑے بجٹ والی فلموں کو باکس آفس نے باہر کا راستہ دکھایا جبکہ چھوٹے بجٹ اور ایسے ہیرو اور ہیروئنز کی فلموں نے باکس آفس پر قدم جمائے رکھے جو ابھی سٹارز کے لقب سے نا آشنا تھے۔
رنبیر کپور کی فلم ’سنجو‘، رنویر سنگھ اور دپیکا کی فلم ’پدماوت‘ کے علاوہ انڈسٹری کے تینوں خان رواں برس کوئی کامیاب فلم نہیں دے پائے۔
سلمان خان کی ’ریس تھری‘، عامر خان کی ’ٹھگز آف ہندوستان‘ اور اب شاہ رخ خان کی فلم ’زیرو‘ باکس آفس پر بلکل زیرو ثابت ہوئی یہ اور بات ہے کہ ان میں سے زیادہ تر فلموں نے 100 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا کیونکہ ان تینوں کا نام ہی عوام کو تھیئٹر تک لانے کے لیے کافی ہوتا ہے۔
اس کے برعکس ایو شمان کھرانہ کی فلم ’بدھائی ہو‘، راجکمار راؤ اور شردھا کپور کی فلم ’ستری‘ اور اکشے کمار کی فلم ’پیڈمین‘ نے عوام کا دل جیت لیا۔