برطانوی شاہی خاندان سے بطور شاہی فرد دستبردار ہونے والی امریکی اداکارہ میگھن مارکل کا کہنا ہے کہ شاہی خاندان کی جانب سے اُن کا پاسپورٹ ضبط کر کے پیلس میں پھنسا دیا گیا تھا۔
گزشتہ روز نشر ہونے والے اوپرا انٹرویو کے دوران سابق شاہی جوڑے کی جانب سے متعدد انکشافا ت کیے گئے ہیں جس کے نتیجے میں شاہی خاندان سمیت میڈیا پر بھی بھونچال آیا ہوا ہے۔
دی ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسیکس پرنس ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل کی جانب سے معروف میزبان اوپرا ونفرے کو دیئے گئے تفصیلی انٹرویو کے دوران کہا گیا ہے کہ ’ایک وقت تھا جب شاہی خاندان کا فرد ہونے کے سبب اُن کے ذہن میں خودکشی کے خیالات آتے تھے، برطانوی میڈیا کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر کیے جانے والے اُن کے ٹرائل سے وہ بے حد تنگ تھیں، ایک ایسا وقت تھا جب وہ ہیری سے شادی کے بعد زندہ نہیں رہنا چاہتی تھیں۔‘
میگھن مارکل کا کہنا تھا کہ ’اُن کے یہ منفی خیالات بہت مستقل اور پکے تھے، انہوں نے شادی سے قبل ایسا کبھی محسوس نہیں کیا تھا، وہ کہیں بھاگ جانا چاہتی تھیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’شاہی خاندان کے ہیومن ریسورسز کی جانب سے اُن کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا تھا مگر ادارے کا کہنا تھا کہ وہ میرے لیے اس سے زیادہ کچھ نہیں کر سکتے کیوں کہ میں اُن کے ادارے کی تنخواہ دار ملازم نہیں ہوں بلکہ ایک شاہی فرد ہوں۔‘
میگھن مارکل نے بتایا کہ ’انہوں نے مدد کی بھیک مانگنے کے لیے یہ ساری بات چیت ای میل کے ذریعے کی تھی، وہ اپنی دماغی صحت کے لیے بہت پریشان تھیں، اسی لیے اُنہیں اس صورتحال سےنکلنے کے لیے حل تلاش کرنا پڑا تھا۔‘
میگھن مارکل سے شو کی میزبان اوپرا ونفرے کی جانب سے سوال کیا گیا کہ ’کیا انہوں نے کبھی بھی اسپتال جانے کی ضرورت محسوس کی جہاں وہ اپنا چیک اپ کروا سکیں؟‘
اس کا جواب دیتے ہوئے میگھن مارکل کا کہنا تھا کہ ’وہ اسپتال جانے سے متعلق ہی اجازت چاہتی تھیں مگر انہیں یہ اجازت نہیں مل سکی تھی، وہ کوئی ٹیکسی بھی پیلس نہیں منگوا سکتی تھیں۔‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’جب وہ شاہی خاندان میں شامل ہوئیں تھیں تو وہ اُن کا آخری دن تھا جب اُنہوں نے اپنا پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسینس اور اپنی چابیاں دیکھی تھیں، اُس کے بعد وہ سب اُن کی آنکھوں سے اوجھل ہو گیا تھا۔‘
انٹرویو کے دوران اوپرا کا پوچھنا تھا کہ ’ان باتوں سے ایسا تاثر اُبھر رہا ہے کہ وہ پیلس میں پھنس گئی تھیں اور مدد بھی نہیں حاصل کر سکتی تھیں یہاں تک کہ وہ خودکشی کرنے والی تھیں۔‘
اس کا جواب دیتے ہوئے میگھن مارکل کا کہنا تھا کہ’یہ حقیقت ہے، اس دوران ہیری نے اُن کی بہت حوصلہ افزائی کی تھی، جب سے اُنہوں نے خود کشی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار ہیری سے کیا تھا ہیری اُنہیں گھر میں اکیلا نہیں چھوڑنا چاہتے تھے۔‘
اس انٹرویو کے دوران ہیری نے اپنے خاندان کی جانب سے کیے گئے امتیازی سلوک پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا ’انہوں نے اُس وقت یہ محسوس کیا کہ یہ سب ایسے مسائل ہیں کہ جنہیں شاہی خاندان کے افراد کبھی سمجھ نہیں پائیں گے۔‘