سان فرانسسکو: ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے مالی اہداف کے حصول کے لیے مزید ہزاروں ملازمین کی برطرفی کی منصوبہ بندی کرلی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک اور انسٹاگرام کی ملکیت رکھنے والی کمپنی میٹا نے رواں ہفتے ہزاروں ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کرنے کی منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا کا سب سے بڑا سوشل میڈیا نیٹ ورک گزشتہ سال کے بعد اب ایک بار پھر بڑے پیمانے پر ملازمین کی تعداد کم کرنے کے لیے اقدامات کررہا ہے، اس سے قبل میٹا نے گزشتہ سال نومبر میں 13 فیصد ملازمین کو فارغ کیا تھا جس میں 11000 ملازمین اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ میٹا اس کے علاوہ بھی کمپنی کے انتظامی اسٹرکچر پر کام کررہی ہے جس میں مینیجر لیول پر دیے گئے پیکجز کی کوسٹ کٹنگ پر بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس سے ہزاروں ملازمین متاثر ہوں گے۔