مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بیروت میں حزب اللہ کے سربراہ شہید حسن نصراللہ پر حملے کے بعد اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب پر میزائل حملے کئے گئے ہیں۔
عبرانی میڈیا تل ابیب کی فضاوں میں اڑنے والے میزائل دکھارہے ہیں جو صہیونی دفاعی سسٹم کو چکمہ دیتے ہوئے تل ابیب کی حدود میں داخل ہوگئے ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی طرف سے جلد ایک اہم بیان جاری کیا جائے گا۔
سپاہ پاسداران انقلاب کی طرف سے بیان جاری
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اسرائیل پر میزائل حملہ کردیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تہران میں شہید اسماعیل ہنیہ، بیروت میں سید حسن نصراللہ اور سپاہ پاسداران انقلاب کے مشیر جنرل نیلفروشان پر صہیونی حملے کے جواب میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی فضائیہ نے اسرائیل کے اندر اہم تنصیبات پر بیلسٹک میزائل حملہ کردیا ہے۔
بیان میں انتباہ کیا ہے کہ اگر صہیونی حکومت کی جانب سے کسی قسم کی غلطی کی گئی تو دندان شکن جواب دیا جائے گا۔
حملے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ صہیونی دفاعی سسٹم حملوں کو روکنے میں ناکام رہا ہے۔
صہیونی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ اب تک کم از کم 102 میزائل ایران کی طرف سے فائر کئے گئے ہیں۔
بعض ذرائع نے کہا ہے کہ اب تک 400 میزائل فائر کئے گئے ہیں۔
یدیعوت احارونوت نے کہا ہے کہ تل ابیب کے شمال میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
تل ابیب کے بعد مقبوضہ بیت المقدس اور بئر السبع میں بھی خطرے کے سائرن بجائے گئے ہیں۔
ایرانی حملہ ختم نہیں ہوا، مزید حملے ہوسکتے ہیں، صہیونی ریڈیو اسٹیشن
صہیونی فوجی ریڈیو اسٹیشن نے کہا ہے کہ ایران کے میزائل حملے ختم نہیں ہوئے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ایران کی جانب سے مزید میزائل حملے ہوجائیں۔