چنئی، 29 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی سے نوجوانوں کے لیے بدلتے ہوئے حالات میں فیصلے کرنے میں زیادہ آزادی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
مسٹر مودی یہاں انا یونیورسٹی کے 42 ویں کنووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ انا یونیورسٹی کی اس تقریب سے خطاب کرنے والے مسٹر مودی 70 سال کے بعد دوسرے وزیر اعظم ہیں۔ اس سے پہلے ملک کے اولین وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے اس یونیورسٹی کے کنووکیشن سے خطاب کیا تھا۔
وزیر اعظم نے کہا، “ہم خوش قسمت ہیں کہ آپ لوگ ہندوستان کے مستقبل کے ساتھ ساتھ اپنا مستقبل بھی بنائیں گے۔ آپ کی ترقی ہندوستان کی ترقی ہے، آپ کی تعلیم ہندوستان کی تعلیم ہے، آپ کا مستقبل ہندوستان کا مستقبل ہے۔ ہر موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اس کا بہترین استعمال کریں۔”
مسٹر مودی نے کہا کہ مضبوط حکومت پابندی پسند نہیں بلکہ ذمہ دار ہوتی ہے۔ یہ ہر شعبے میں مداخلت نہیں کرتی بلکہ خود کو محدود کرتی ہے اور لوگوں کے ٹیلنٹ کے لیے مناسب جگہ فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا، “پہلے یہ خیال تھا کہ ایک مضبوط حکومت وہ ہوتی ہے جو ہر چیز اور ہر ایک کو کنٹرول کرتی ہے۔ ہم نے اسے بدل دیا ہے۔ ایک مضبوط حکومت ہر چیز اور سب کو کنٹرول نہیں کرتی ہے، بلکہ یہ نظام کو کنٹرول کرتی ہے۔ مضبوط حکومت پابندی پسند نہیں بلکہ جوابدہ ہوتی ہے۔ ایک مضبوط حکومت ہر شعبے میں مداخلت نہیں کرتی۔ وہ خود کو محدود کرتی ہے اور لوگوں کی صلاحیتوں کے لیے جگہ بناتی ہے۔ اسی لیے آپ کو تمام شعبوں میں بہتری نظر آتی ہے۔ لوگوں کو اپنے طور پر فیصلے کرنے کی آزادی ہے۔ نئی تعلیمی پالیسی نوجوانوں کے لیے اپنے بدلتے ہوئے حالات کے مطابق فیصلے کرنے کی زیادہ آزادی کو یقینی بناتی ہے۔