واشنگٹن : وزیر اعظم نریندر مودی دو روزہ سرکاری دورے پر واشنگٹن پہنچ گئے ہیں۔ اس دوران وہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ، امریکی کابینہ کے ارکان اور صنعت کاروں سے بات چیت کریں گے۔
مسٹر مودی نے جمعرات کی صبح ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ مسٹر ٹرمپ کے ساتھ اپنی بات چیت اور دو طرفہ جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو آگے بڑھانے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا ’’میں تھوڑی دیر پہلے واشنگٹن ڈی سی میں اترا ہوں۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات اور ہند-امریکہ جامع عالمی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو آگے بڑھانے کا منتظر ہوں۔ ہمارے ممالک اپنے لوگوں کے فائدے اور ہماری دنیا کے بہتر مستقبل کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔‘‘
وزارت خارجہ کے ترجمان نےایکس پر ایک پوسٹ میں کہا’’ہند-امریکہ جامع عالمی اسٹریٹجک شراکت داری کا ایک نیا باب۔وزیر اعظم نریندر مودی واشنگٹن ڈی سی، امریکہ کے سرکاری کام کاج کے دورے پرپہنچے۔ دورے کے دوران وزیراعظم صدر ڈونالڈ ٹرمپ، امریکی کابینہ کے ارکان اور صنعتی دنیا کے لیڈروں سے ملاقات کریں گے۔‘‘
بلیئر ہاؤس میں قیام پذیر مسٹر مودی گذشتہ ماہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حلف برداری کے بعد سے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو، جاپانی وزیر اعظم شیگیرو ایشیبا اور اردن کے شاہ عبداللہ کے بعد ان سے ملنے والے چوتھے غیر ملکی لیڈر ہوں گے۔
بدھ کی شام وزیر اعظم یہاں پہنچنے پر بلیئر ہاؤس کے قریب بڑی تعداد میں جمع ہوئے این آر آئیز نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔