وزیر اعظم نریندر مودی نے سابق وزیر اعظم اور کانگریس کے سینئر رہنما ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ڈاکٹر سنگھ کا جمعرات کی رات ایمس میں انتقال ہو گیا ۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں مسٹر مودی نے لکھا ’’ہندوستان اپنے ایک ممتاز رہنما ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کے انتقال پر سوگوار ہے۔
ایک عام خاندان سے اٹھ کر وہ ایک مشہور ماہر معاشیات بن گئے۔ وہ وزیر خزانہ سمیت مختلف سرکاری عہدوں پر فائز رہے اور گزشتہ برسوں میں ہماری اقتصادی پالیسی پر ایک انمٹ چھاپ چھوڑی۔ پارلیمنٹ میں ان کی مداخلت بھی عملی تھی۔ ہمارے وزیر اعظم کے طور پر، انہوں نے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے وسیع کوششیں کیں۔‘‘
کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن رہنما راہل گاندھی نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنا ایک رہنما کھو دیا راہل گاندھی نے کہا’’ڈاکٹر منموہن سنگھ جی نے بڑی ذہانت اور ایمانداری کے ساتھ ہندوستان کی قیادت کی ان کی نرم مزاجی اور معاشیات کی گہری سمجھ نے پوری قوم کو متاثر کیا۔‘‘
انہوں نے کہا ’’میری دلی تعزیت محترمہ کور اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔ میں نے ایک سرپرست کھو دیا ہے۔ ہم میں سے لاکھوں لوگ جو ان کے پرستار تھے انہیں کافی فخر سے یاد کریں گے۔‘‘