وارانسی ؛سیلاب نے وارانسی میں تباہی مچا رکھی ہے جو وزیراعظم نریندر مودی کا لوک سبھا حلقہ ہے، جنھوں نے متاثرین کو مدد اور راحت فراہم کرنے کیلئے ایک پارٹی ایم پی کو ذمہ داری سونپی ہے۔ لاکھوں لوگوں نے ریلیف کیمپوں میں پناہ لے رکھی ہے جو غذا اور پینے کے پانی کی قلت سے دوچار ہیں۔
مویشی سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور ضلع نظم و نسق ان کی غذا کا انتظام کرنے میں سرگرداں دیکھا جارہا ہے۔ اس شہر منادر کے گھاٹ زیرآب آچکے ہیں اور دو شمشان گھاٹ میں معمول کی سرگرمی متاثر ہوگئی ہے۔ موجودہ صورتحال نے آخری رسومات کو مہنگا بھی بنا دیا کیونکہ ارتھی کو جلانے کیلئے خشک لکڑی عدم دستیاب ہے اور اس کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے حلقہ انتخاب میں سیلاب کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ سی آر پاٹل کو ذمہ داری سونپی ہے کہ متاثرین تک پہنچیں اور انھیں درکار ریلیف مہیا کرائیں۔ ایم پی پاٹل نے اسی ٹاؤن میں کیمپ کر رکھا ہے اور ایک دن میں کم از کم 10,000 متاثرین سیلاب تک پہنچنے کا نشانہ مقرر کیا ہے جن کیلئے وہ ضروری امدادی اشیاء کے علاوہ غذائی پیاکٹس کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔