نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کی صحتیابی اورکامیاب اوپن ہارٹ سرجری کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف کی اوپن ہارٹ سرجری لندن میں ہوگی، وزیراعظم 22 مئی کو طبی معانئے کے لئے لندن گئے تھے۔
ٹوئٹر پرہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ’میں نوازشریف کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری کے لیے دعاگو ہوں اور ان کی مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہوں‘۔
اس سے قبل امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہ امن کا راستہ دو طرفہ عمل ہے، پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی دونوں ملکوں میں قیام امن اوربہتر تعلقات استوار کرنےمیں رکاوٹ بن رہی ہے، پاکستان کو چاہیے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فعال کردار ادا کرے۔
گزشتہ سال جون میں دورہ امریکا کے دوران صدر براک اوباما کی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے نریندر مودی نے بتایا کہ اوباما سے پاکستان میں قیام امن کے لیے کے جانے والے اقدامات کے بارے میں بات چیت ہوئی، جس کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک سے بہترتعلقات قائم کرنا میرا خواب ہے اور اس خواب کی تعبیر پانے کے لیے لاہور کا دورہ کیا تھا۔
نریندر مودی کے خیال میں پاکستان ہندوستان کے درمیان تعلقات میں اس وقت بہتری آسکتی ہے جب پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے فعال کردار ادا کرے۔