کانپور: ۔سولر انرجی کو ترجیح دینے کیلئے وزیراعظم نریندر مودی نے ضمنی بجٹ میں ایک کروڑ گھروں کی چھت پر سولر نظام لگانے کی اسکیم کا اعلان کیاتھا، تب اس اسکیم کانام سوریودئے رکھاگیاتھا، لیکن اب اس کا نام بدل کر ’پی ایم سوریہ گھر-مفت بجلی اسکیم‘کردیاگیاہے۔
اس اسکیم کے تحت کانپور شہر کے قریب ایک لاکھ ۵۰ہزار گھروں کی چھت پر سولر پینل لگائے جائیں گے۔کیسکو کے شہر میں قریب سات لاکھ بجلی صارفین ہیں جن میں سے حکومت نے پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی اسکیم کے تحت ایک لاکھ ۵۰ہزار صارفین کے گھروں میں سولر پینل لگانے کا ہدف مقرر کیاہے۔
اسکیم کیلئے درخواست دینے والے ان ڈیڑھ لاکھ صارفین کے گھروںمیں کیسکو سولر پینل لگائے گااور اس کے بعد ان صارفین کو ہرماہ تین سو یونٹ تک بجلی مفت دی جائے گی، اس کے ساتھ ہی ان کو مرکزی وریاستی حکومت کی سبسڈی بھی حاصل ہوگی۔
اسکیم کے تحت سبسڈی کا قانون صرف گھریلو کنکشن کیلئے درخواست کرنے والوں کو ملے گا،وہیں غیر گھریلو کنکشن پر پینل لگانے پر صارف سبسڈی کامجاز نہیں ہوگا، لیکن ا ن کی درخواست پورٹل میں منظور ضرور کی جائے گی۔اسکیم کے تحت کانپور بجلی فراہمی کمپنی کو شہر میں ایک لاکھ ۵۰ہزار گھروں میں سولر پینل لگانے کاہدف دیا گیاہے۔
اسکیم چلانے کیلئے حکومت ہند نے پی ایم سوریہ گھر موبائل ایپ بھی تیار کیاہے، وہیں ایک سے دوکلو واٹ بجلی کے گھریلو صارفین کو سولر روفٹاف پلانٹ لگانے کی حوصلہ افزائی کرنے کیلئے مرکزی وریاستی حکومت کے ذریعہ ۷۵فیصد کی رعایت بھی دی جائے گی،
جس سے بجلی کے بل میں کمی آئے گی۔کیسکو میڈیا انچارج شری کانت رنگیلا نے بتایاکہ شہر میں اسکیم کے تحت ڈیڑھ لاکھ گھروں کی چھت پر سولر پینل لگائے جائیں گے۔مستفیدین کو پینل لگانے کیلئے حکومت سے سبسڈی ملے گی ،ہر مہینے تین سو یونٹ تک مفت بجلی کی پیداوار اور استعمال کرسکیں گے۔
اس سے بجلی بل میں کافی کمی آئے گی اور بجلی فراہمی پر انحصار کم ہوگا، حکومت سولرپینلوں کے رکھ رکھا ؤ اور مرمت کیلئے مدد فراہم کرائے گی۔