نئی دہلی: کانگریس نے جمعرات کو کہا کہ پارلیمنٹ میں سیکورٹی کے مسائل پر سوال پوچھنے پر پارٹی ممبران پارلیمنٹ کو معطل کرنا جمہوریت کے خلاف ہے اور اس طرح کے قدم اٹھا کر مودی حکومت جمہوریت کا قتل کر رہی ہے۔
کانگریس تنظیم کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ جب کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے 13 دسمبر کو پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں ہونے والی کوتاہیوں کے خلاف آواز اٹھائی تو حکومت نے انہیں آج معطل کر دیا۔
انہوں نے کہا، “پارلیمنٹ میں سیکورٹی کی خلاف ورزیوں پر حکومت سے جواب مانگنے کے لیے اپوزیشن کے اراکین پارلیمنٹ کو معطل کرنا ایک غلط اور غیر جمہوری قدم ہے۔
ایک طرف پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ کو احتساب کا مطالبہ کرنے پر معطل کیا جاتا ہے، وہیں دوسری طرف شرپسندوں کو داخل ہونے میں مدد کرنے والے بی جے پی ممبر پارلیمنٹ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
انہوں نے حکومت کے اس قدم کو جمہوریت کا قتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جمہوریت کا قتل ہے۔ بی جے پی حکومت نے پارلیمنٹ کو ربڑ سٹیمپ میں تبدیل کر دیا ہے۔ اب جمہوری عمل دکھاوے کے لیے بھی نہیں رہا۔