رائے گڑھ، 8 فروری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے انھیں ہدف تنقید بنانے والے کانگریس سمیت مختلف اپوزیشن پارٹیوں کے ذمہ داران کو آج آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ کتنی ہی ’مہاملاوٹ‘ کرلیں لیکن چوکیدار چپ بیٹھنے والا نہیں ہے۔
مسٹر مودی نے چھتیس گڑھ کے رائے گڑھ میں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’مہاملاوٹ‘ میں شامل افرام خود بدعنوانی کرتے ہیں اور بد عنوانوں سے ملے ہوئےہیں۔ ’مہاملاوٹ‘ میں شامل ہونے والے تمام رہنماؤں کا ایک ہی پیمانہ ہے کہ وہ مودی کے لیے کتنے خراب الفاظ کہہ سکتے ہیں۔ ان تمام کے باوجود چوکیدار ڈرنے اور چپ بیٹھنے والا نہیں ہے۔
مسٹر مودی نے کانگریس کے صد رراہل گاندھی کا نام لیے بغیر کہا کہ کانگریس کے نامدار خاندان کا ہر رکن کسی نہ کسی معاملے میں ملوث ہے۔ ان کے رکن یا تو ضمانت پر باہر ہیں یا پھر عبوری ضمانت کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ کوئی زمین گھپلےتو کوئی ٹیکس گھپلے میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوکیدار پوری طرح الرٹ ہے اور ایسے تمام افراد کو چھوڑا نہیں جائے گا۔