نئی دہلی، 5 مئی ؛کانگریس نے پارٹی کے آنجہانی لیڈر اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی پر وزیر اعظم نریندر مودی کے تبصرے کی سخت مذمت کرتے ہوئے آج کہا کہ وہ ذہنی طور پر بیمار ہیں اور ملک کی ثقافت ان کے تبصرے کو کبھی قبول نہیں کرے گی ۔
کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں صحافیوں کو بتایا کہ مودی کا یہ تبصرہ ایک انتہائی بیمار ذہنیت کی مثال ہے۔ وزیر اعظم کی راجیو گاندھی پر تبصرے سے پورا ملک حیران ہے۔ مودی پر شہیدوں اور فوج کا مسلسل توہین کرنے کا الزام لگاتے ہوئے مسٹر پون کھیڑا نے کہا کہ ملک کے لئے اپنی جان قربان کرنے والے شخص کو ‘گالی’ دینا ملک کی ثقافت کبھی برداشت نہیں کرے گی۔
انهوں نے کہا کہ وزیر اعظم مسلسل بے سرو پا اور بیمار ذہنیت والے شخص جیسا سلوک کر رہے ہیں۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ مسٹر مودی نے کانگریس پارٹی کے لیڈر کی توہین نہیں کی ہے بلکہ ملک کے ایک لاڈلے کی توہین کی ہے اور ملک اس کا جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ “آپ نے ہمارے ملک کے اتنے اہم رہنما پر اس قسم کا بھدا تبصرہ کیا ہے اور آپ کو لگتا ہے ملک خاموش رہے گا! معاف کیجیے، یہ ملک آپ کو اب معاف کرنے کے موڈمیں نہیں ہے”۔
واضح رہے کہ مسٹر مودی نے ہفتہ کے روز ایک انتخابی ریلی میں بوفورس گھوٹالے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے آنجہانی راجیو گاندھی پر بغیر نام لئے حملہ بولا تھا۔
مسٹر مودی نے کہا تھا کہ “آپ کے (راہل گاندھی کے ) والد صاحب کو آپ کے راج درباریوں نے طمطراق کے ساتھ ‘مسٹر کلین’ بنا دیا تھا لیکن دیکھتے ہی دیکھتے بدعنوان نمبر 1 کے طور پر ان کی زندگی ختم ہو گئی۔ نامدار ! یہ تکبر آپ کو کھا جائے گا۔ یہ ملک غلطیاں معاف کرتا ہے، مگر دھوکہ بازی کو کبھی معاف نہیں کرتا”۔