نئی دہلی، 13 اگست (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ وہیکل اسکریپنگ پالیسی خود انحصار ہندوستان کے اہداف کو پورا کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے اور اس سے آٹو سیکٹر کو ایک نئی شناخت حاصل ہوگی.
مسٹر مودی نے ریاست گجرات میں مرکزی وزارت روڈ ٹرانسپورٹ و قومی شاہراہ اور حکومت گجرات کی طرف سے مشترکہ طور پر منعقدہ سرمایہ کاروں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “75 ویں یوم آزادی سے پہلے آج کا یہ پروگرام خود انحصار ہندوستان کے بڑے اہداف کو پورا کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے”۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل وہیکل اسکریپنگ پالیسی نئے ہندوستان میں آٹو سیکٹر کو نئی شناخت عطا کرنے والی ہے۔ یہ پالیسی ملک میں گاڑیوں سے ہونے والی آلودگی کو روکنے اور سڑکوں سے خراب گاڑیوں کو سائنسی طریقے سے ہٹانے میں میں بڑا کردار ادا کرے گی۔ اس سے ملک کے تقریبا ہر شہری کی زندگی، ہر صنعت اور ہر شعبے میں مثبت تبدیلی آئے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ نقل و حمل معیشت کا ایک بڑا عنصر ہے۔ اس علاقے میں جدت طرازی نہ صرف نقل و حمل کے بوجھ کم کرے گی بلکہ یہ معاشی ترقی کے لیے بھی مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 21 ویں صدی کے ہندوستان کے لیے یہ پالیسی وقت کا تقاضہ ہے۔