نئی دہلی،7 اگست (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز کہا کہ تین سے چار سال کے غور وخوض اور لاکھوں مشوروں اور آرا کے بعد نئی تعلیمی پالیسی کو عملی شکل دی گئی ہے اور یہ ایک نئے ہندوستان کی بنیاد رکھنے میں کام کرے گی۔
مسٹر مودی نے نئی قومی تعلیمی پالیسی کے تحت ہائر ایجوکیشن میں ہونے والی تبدیلیوں پر قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہر نظریہ کے لوگ اس نئی تعلیمی پالیسی پر منتھن اور غور و خوض کر رہے ہیں۔ اس پالیسی کی کوئی مخالفت نہیں کررہا ہے کیونکہ اس میں یکطرفہ کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک سرکلر نہیں ہے بلکہ ایک مہا یگیہ ہے ، جو ایک نئے ملک کی بنیاد رکھے گا اور ایک صدی تعمیر کرے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ تعلیم پالیسی میں ملک کے اہداف کو دھیان میں رکھنا ضروری ہے تاکہ مسقتبل کیلئے نسل کو تیار کیاسکے۔ کئی دہائیوں سے تعلیمی پالیسی میں کوئی تبدیل نہیں ہوئی تھی ، جس سے سماج میں بھیڑ چال کی حوصلہ افزائی ہورہی تھی ۔ کبھی ڈاکٹر ، کبھی انجینئر اورکبھی وکیل بنانے کی مقابلہ آرائی ہورہی تھی ، لیکن نوجوان اب تخلیقی نظریات پر عمل پیرا ہوسکیں گے ، اب نہ صرف مطالعہ ہی نہیں بلکہ ورک کلچر کو فروغ دیا گیاہے۔ نوجوانوں میں تنقیدی سوچ تیار کرنا ہوگی۔