نئی دہلی ، 10 اکتوبر ( یوان آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم کے لئے جہاز خریدے جانے کے حوالہ سے نریندر مودی پر ایک بار پھر حملہ کیا اور ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ مودی کو صرف اپنی شبیہ کی فکر ہے، فوجیوں کی نہیں۔
لداخ سرحد پر چین اور ہندوستان کے مابین تنازع پر مسٹر گاندھی گذشتہ کئی مہینوں سے مسٹر مودی پر مستقل حملہ آور ہیں۔
کیرالہ کے وائناڈ کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز اپنے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کیا جس میں مبینہ طور پر بتایا گیا ہے کہ ’’ٹرک کے اندر بیٹھے کچھ فوجی آپس میں بات کر رہے ہیں۔ ان میں سے ایک کا کہنا ہے کہ ’انہیں نان بلٹ پروف گاڑی میں بھیج کر ہماری زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے۔‘‘
مسٹر گاندھی نے ویڈیو کے ساتھ ٹوئٹ کیا ’’ہمارے فوجیوں کو نان بلٹ پروف ٹرکوں میں شہید ہونے کیلئے بھیجا جارہاہے اور ہمارے وزیر اعظم کے لئے 8400 کروڑ روپے کے ہوائی جہاز! کیا یہ انصاف ہے؟‘‘
مسٹر گاندھی نے جمعرات کو بھی جہاز خریدنے کے لئے وزیر اعظم کو نشانہ بنایا اور کہاتھا کہ وزیر اعظم کو صرف اپنی شبیہ کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم نے اپنے لئے 8400 کروڑ کا طیارہ خریدا۔ اتنے میں سیاچن-لداخ بارڈر پر تعینات ہمارے فوجی جوانوں کے لئے کتنا کچھ خریدا جاسکتا تھا ۔ گرم لباس: 30،00،000 ، جیکٹس ، دستانے: 60،00،000 ،جوتے: 67،20،000 آکسیجن سلنڈر: 16،80،000۔
وزیر اعظم کو صرف اپنی شبیہ کی فکر ہے نہ کہ فوجیوں کی۔