گورکھپور: 13 مئی(یواین آئی) بہوجن سماج پارٹی سپریمو مایاوتی نے پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی کی سخت تنقید کرتےہوئے جہاں ان کے او بی سی سماج سے ہونے پر سوال کھڑا کیا تو وہیں الزام لگایا کہ مودی یو پی میں اپوزیشن کے عظیم اتحاد میں تفریق پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
بی ایس پی سپریمو نے واضح کیاکہ ہم لوگوں نے مودی کے ذات کے بارے میں کبھی کوئی سوال نہیں کیا بلکہ ہم نے صرف اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ مودی اکھلیش کی طرح پیدائشی طور پر او بی سی یا پچھڑی ذات سے نہیں ہیں۔ لیکن اب وہ الیکشن کےدوران اس ضمن میں تما م طرح کا ڈرامہ کر کے الیکشن کا فائدہ لینا چاہتے ہیں۔ جب کہ حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے ہر کام پچھڑے طبقات کے خلاف کیا ہے ۔
ایس پی۔ بی ایس پی۔ آر ایل ڈی کی جانب سے منعقد مشترکہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مایاوتی نے دعوی کیا کہ یو پی میں ہمارا اتحاد مضبوط اور دائمی ہے۔نیز مرکز سے مودی کو بے دخل کرنے کے بعد ہم ریاست سے یوگی کی جڑی اکھاڑ پھنکیں گے۔23 تاریخ کو مودی اور شاہ کے برے دن کا آغاز ہوگا اور یوگی بھی جلد ہی اپنے ’مٹھ‘ میں لوٹ جائیں گے۔
محترمہ مایاوتی نےکہا کہ گذشتہ چھ مرحلوں نے ریاست میں ’عظیم اتحاد ‘ کو واضح اکثریت دی ہے اور ساتواں مرحلہ مزید بی جے پی کے دائرے کو تنگ کردیے گا۔اس موقع پر انہوں نے کانگریس کو بھی اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ملک کے غریبی نہ ختم کرپانے کے لئے کانگریس کو مورد الزام ٹھہرایا۔
مایاوتی نے رائےدہندگان سے اپیل کرتےہوئے کہا کہ بی جے پی کے جھوٹے وعدوں میں پڑنے سے محتاط رہتے ہوئے ہرجگہ اتحاد کے امیدوار کےحق میں اپنا ووٹ دیجئے۔ورنہ وہ 2014 کی طرح ایک بار پھر دھوکہ دیں گے ۔