نئی دہلی ، 26 جولائی ؛ وزیر اعظم نریندر مودی نے کارگل وجئے دیوس کے موقع پر کارگل کے شہدا کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کارگل وجئے دیوس 1999 کی کارگل جنگ میں شہید ہوئے ملک کے بہادروں کے اعزاز میں ہر سال 26 جولائی کو منایا جاتا ہے۔
وزیر اعظم نے پیر کے روز ایک ٹویٹ پیغام میں کہا ’’ ہم ان کی قربانی کو یاد کرتے ہیں ۔ ہم ان کی بہادری کو یاد کرتے ہیں ۔ آج کارگل وجے دیوس پر ہم اپنے تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں، جنہوں نے ملک کی حفاظت کرتے ہوئے کارگل میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ۔ ان کی بہادری ہمیں ہر روز تحریک دیتی ہے ۔ اس پوسٹ کے ساتھ میں گزشتہ سال کے من کی بات پروگرام کے کچھ اقتباسات کی ویڈیو بھی شیئر کر رہا ہوں ‘‘۔
کارگل وجئے دیوس ہندوستانیوں کے لئے ایک بہت اہم دن ہے ۔ ہندوستان کے بہادرجوانوں نے اس دن کارگل کی چوٹیوں پر ڈیرا جمائے بیٹھے دراندازوں اور پاکستانی فوجیوں کو بھگایا تھا۔ تقریبا دو ماہ تک جاری رہنے والی اس لڑائی میں ہندوستانی افواج نے زبردست فتح حاصل کی تھی۔