شملہ، 31 مئی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ پچھلے آٹھ سالوں کے دوران ملک کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور حکومت کی اسکیموں کے فائدے بغیر کسی بدعنوانی کے 100 فیصد غریبوں تک پہنچ رہے ہیں۔
اپنی حکومت کے آٹھ سال مکمل ہونے کے موقع پر یہاں منعقد غریب کلیان سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ 2014 سے پہلے ہندوستان بدعنوانی، گھپلوں ، اقربا پروری اور نوکر شاہی کے لیے دنیا میں جانا جاتا تھا، لیکن اب وقت بدل گیا ہے۔ اور یہ ملک بدعنوانی سے لڑنے، غریبوں کے تئیں حساس ہونے اور ملک کی سرحدوں کو محفوظ رکھنے کے لیے جانا جاتا ہے۔
جرائم کے خلاف نکیل کسنے اور بدعنوانی کو برداشت نہ کرنے پر اب ہندوستان کا دنیا میں چرچا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتیں کرپشن کے خلاف لڑنے کے بجائے گھٹنے ٹیکنے کےلئے جانی جاتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں ملک کے جن دھن کھاتوں سے گھروں میں گیس کی سہولت، عزت کے ساتھ رہنے کے لیے بیت الخلا، صحت کی سہولیات کے لیے آیوشمان بھارت اسکیم اور ملک کی سلامتی کے لیے ایئر اسٹرائک کی جارہی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک کی سرحدیں زیادہ محفوظ ہیں اور ملک کا شمال مشرقی خطہ جو کہ امتیازی سلوک کا شکار رہا ہے، ملک میں شامل ہو گیا ہے۔ حکومت اب مائی باپ کی نہیں بلکہ جنتا جناردن کی خادم ہے۔ حکومت عوام کی زندگیوں میں مداخلت نہیں کر رہی بلکہ اسے آسان بنا رہی ہے۔