نئی دہلی، 3 دسمبر (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو سابق صدر بھارت رتن ڈاکٹر راجندر پرساد کے 136 ویں یوم پیدائش پر انہیں سلام کرتے ہوئے کہا کہ سادہ زندگی اور اعلی خیالات کے اصولوں پر مبنی ان کی زندگی ملک کو ہمیشہ تحریک دیتی رہے گی۔
ڈاکٹر پرساد ملک کے پہلے صدر اور ہندوستان کے عظیم مجاہد آزادی تھے۔ ہندوستان کی آزادی کی تحریک کے اہم لیڈروں میں سے ایک ڈاکٹر پرساد نے انڈین نیشنل کانگرس کے صدر کے طور پر اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ہندوستانی آئین تیار کرنے میں بھی اہم تعاون دیا تھا۔
ان کی پیدائش 3 دسمبر 1884 کو جیرادیئی میں ہوئی تھی۔
مسٹر مودی نے ڈاکٹر پرساد کو یاد کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ’’سابق صدر بھارت رتن ڈاکٹر راجندر پرساد کے یوم پیدائش پر انہیں میری جانب سے خراج عقیدت۔ جد و جہد آزادی اور آئین سازی میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔ سادہ زندگی اور اعلی خیالات کے اصولوں پر مبنی ان کی زندگی ملک کو ہمیشہ تحریک دیتی رہے گی‘‘۔