نئی دہلی، 24 جون (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہاں نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں 18ویں لوک سبھا کے رکن کے طور پر حلف لیا۔
پروٹیم اسپیکربھرتری ہری مہتاب نے مسٹرمودی کو سب سے پہلے حلف دلایا۔ اس کے بعد پریزائیڈنگ افسران کے پینل کے رکن کے طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے رادھا موہن سنگھ نے حلف لیا۔
صبح 11 بجے ایوان کے جمع ہونے سے پہلے قائد ایوان وزیر اعظم مسٹرمودی، ڈپٹی لیڈر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امت شاہ، روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری، زراعت، کسانوں کی بہبود، دیہی ترقی کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان، شہری ترقیات، ہاؤسنگ اور توانائی کے وزیر منوہر لال کھٹر وغیرہ لیڈران ایوان میں موجود تھے۔
ٹھیک 11 بجے جب ایوان کا اجلاس ہوا، مسٹرمہتاب نے اپنی نشست سنبھالی اور اس کے فوراً بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔ 18ویں لوک سبھا کے تمام ممبران کو ان کے انتخاب پر مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔
اس کے بعد لوک سبھا کے سکریٹری جنرل اُتپل کمار سنگھ نے الیکشن کمیشن کی طرف سے فراہم کردہ نومنتخب ارکان پارلیمنٹ کی فہرست ہندی اور انگریزی میں ایوان کی میز پر رکھی۔ اسپیکر نے ایوان کو مطلع کیا کہ مسٹر راہل گاندھی نے کیرالہ کی وائناڈ سیٹ سے اپنا استعفیٰ پیش کر دیا ہے اور اسے قبول کر لیا گیا ہے۔
اس کے بعد مسٹرمہتاب نے حلف کی تقریب کے ضوابط بتائے کہ سب سے پہلے قائد ایوان کے طورپر وزیر اعظم، پھر پریزائیڈنگ افسران کے پینل کے ممبران، پھر مرکزی کابینہ کے وزیر، پھر آزادانہ چارج والے وزیر مملکت اور پھر وزیر مملکت حلف لیں گے۔
اس کے بعد ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی ترتیب میں حروف تہجی کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کو حلف کے لیے بلایا جائے گا۔جیسے ہی لوک سبھا کے جنرل سکریٹری نے حلف کے لیے وزیر اعظم مودی کا نام پکارا، حکمراں پارٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ مسٹر مودی اسپیکر سیٹ کے دائیں جانب ڈائس پر آئے اور حلف لیا اور پھر رکنیت کے رجسٹر پر دستخط کئے۔
اس کے بعد کانگریس کے مسٹرکوڈیکنیل سریش اور دراوڑ منیترا کزگم کے مسٹر ٹی آر بالو کے نام لئے گئے لیکن وہ دونوں اس وقت ایوان میں موجود نہیں تھے۔
بی جے پی کے رادھا موہن سنگھ نے دوسرے نمبر پر اور تیسرے نمبر پر مسٹر فگن سنگھ کلستے نے حلف لیا۔ ترنمول کانگریس کے سدیپ بندیوپادھیائے بھی پریزائیڈنگ افسران کے پینل میں شامل ہیں لیکن حلف برداری کے وقت وہ بھی ایوان میں موجود نہیں تھے۔
اس کے بعد ڈپٹی لیڈر راج ناتھ سنگھ، مسٹر امت شاہ، مسٹر گڈکری، مسٹر چوہان، مسٹرکھٹر وغیرہ جیسے وزراء نے حلف لیا۔